کرناٹک میں جمعہ سے شروع ہوں گے ایس ایس ایل سی امتحانات؛ ریاست بھر سے8.54لاکھ طلبا لیں گے حصہ
بنگلورو۔21؍مارچ(ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں ایس ایس ایل سی کے امتحانات جمعہ 23مارچ سے شروع ہورہے ہیں۔ جو 6 ؍ اپریل تک چلیں گے۔ ایس ایس ایل سی میں ریاست بھر سے جملہ 8.54 لاکھ طلبا حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں 388701 لڑکے ، 370271 لڑکیاں اور49294 رپیٹرس شامل ہیں۔ جبکہ 18108 پرائیویٹ امیدوار بھی اس بار امتحان لکھ رہے ہیں۔ یہ بات آج کرناٹکا اسٹیٹ ایجوکیشن ایگزامنیشن بورڈ کے بیان میں بتائی گئی۔
مزید معلومات فراہم کراتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امتحان میں ریاست بھر کے 14385 اسکول حصہ لے رہے ہیں اور امتحان کیلئے 2817 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 1011کلسٹر سنٹر ہیں اور 1807 ناکلسٹر سنٹر۔ 45امتحانی مراکز کو حساس اور 23کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ طلبا کو آن لائن ڈاؤن لوڈ کئے گئے ہال ٹکٹ مہیا کرائے جاچکے ہیں۔ امتحان کی نگرانی کیلئے ریاست بھر میں 21 سب ڈویژنل آفیسرس اور ضلعی سطح پر نگرانی کیلئے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ 406ڈائیٹ لکچرارس اور 34 پرنسپلس کو امتحانات کی نگرانی کیلئے متعین کیاگیا ہے۔
ریاست بھر کے مختلف اضلاع اور تعلقہ جات میں امتحانات کی نگرانی کیلئے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے چکی ہیں۔ہر امتحانی مرکز کیلئے ایک ایک اسکواڈ مقرر کیاگیا ہے۔ امتحانی مراکز کے آس پاس کی تمام موبائل فون دکانوں ، زیراکس اور اسٹیشنریوں کو بندکردیاگیا۔ افسروں نے بتایاکہ ایس ایس ایل سی امتحان کا ٹائم ٹیبل کافی پہلے 29جنوری کو ہی ریاست بھر میں پہنچادیا گیا تھا ، تاکہ طلبا آسانی سے تیاری کرسکیں۔