بنگلورو، 10؍اپریل(ایس او نیوز) ریاست میں انتخابی ضابطہ کو سختی سے لاگو کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے تمام سیاسی جماعتوں ، ان کے لیڈروں اور کارندوں کے ساتھ سرکاری افسرون کی نقل وحرکت پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ الیکشن کمیشن نے ریاست کے سبھی پولیس افسروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ریاست میں جب تک انتخابی عمل برقرار رہے گا اپنے ہر دن کی نقل وحرکت کے متعلق انہیں ڈایری مرتب کرکے الیکشن کمیشن کو پیش کرنی ہوگی۔
بعض پولیس افسروں کی طرف سے سیاسی جانبداری کی شکایات پر الیکشن کمیشن نے یہ قدم اٹھایا ہے اور ہدایت دی ہے کہ سرکاری کام کاج سے افسران جہاں بھی جائیں گے اس کا اندراج ڈایری میں واضح طور پر کیا جاناچاہئے اور اس کی اطلاع الیکشن کمیشن کو ملنی چاہئے۔ آر ٹی آئی کارکن ہنومے گوڈا کی طرف سے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے کی گئی نمائندگی پر کارروائی کرتے ہوئے کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جب سے انتخابی ضابطہ لاگو ہوا ہے اس وقت سے ہی افسرون و اپنی نقل وحرکت کے متعلق ڈایری مرتب کرنی چاہئے، جب تک ضابطہ لاگو رہے گا روزانہ یہ عمل برقرار رہے گا۔ انتخابی ضابطے کی پامالی میں اگر کسی بھی پولیس افسر یا عملے کے کسی فرد کو ملوث پایا گیاتو اس کاسخت نوٹس لیا جاے گا اور ان پر محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔