ودھان سودھا میں بجٹ کے سبب غیر معمولی سیکورٹی
بنگلورو،9؍جنوری(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کی طرف سے آج اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے وقت غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ ودھان سودھا کے اردگرد بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی اور ہر ایک کو تلاشی کے بعد ہی داخلہ دیاگیا۔ بجٹ کا نظارہ کرنے کے لئے ودھان سودھا پہنچے متعدد پارٹی کارکنوں کو سیکورٹی کی سختی کا سامنا کرنا پڑا۔ صبح گیارہ بجے سے ہی اراکین اسمبلی اور صحافیوں کو اسمبلی میں داخل ہونے کا موقع دیا جاتا تھا لیکن آج پہلی بار بجٹ کے لئے مقررہ وقت ساڑھے بارہ بجے سے صرف پندرہ منٹ پہلے اسمبلی میں داخلے کا موقع دیا گیا۔
دوسری طرف مرکزی حکومت کے خطوط پر عمل کرتے ہوئے پہلی بار ریاستی حکومت نے اراکین اسمبلی ،افسروں یا میڈیا کو بجٹ کی نقل اسی وقت دی جبکہ وزیراعلیٰ نے اسے ایوان میں مکمل طور پر پڑھ دیا۔