جنتادل(ایس) کے سبھی سیٹوں پر مقابلہ کرنے کا اعلان
بنگلورو:22/اپریل(ایس او نیوز) جنتادل (ایس) نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں وہ تمام 224حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑا کرے گی، کل یہاں جنتادل (ایس) کور کمیٹی کی میٹنگ کے بعد رکن کونسل اور پارٹی ترجمان رمیش بابو نے بتایاکہ پارٹی نے سبھی 224اسمبلی حلقوں میں پارٹی کو بوتھ کی سطح سے تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آنے والے اسمبلی انتخابات کو پارٹی نے انتہائی سنجیدگی سے لڑنے اور ریاست میں سیکولرز م کی بقا کو بامقصد بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔بحیثیت وزیر اعلیٰ کما ر سوامی نے 20ماہ کی مدت میں ریاست کی ترقی کیلئے جو قدم اٹھائے تھے، پارٹی ان اقدامات کو آگے بڑھانے کے وعدوں کے ساتھ ریاستی عوام سے رجوع ہوگی۔اس کے علاوہ گیارہ ماہ کی مدت ملک کے معاشی استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے دیوے گوڈا نے بحیثیت وزیر اعظم ملک کے سنگین مسئلہ کشمیر کی یکسوئی اور وہاں انتخابات کا اہتمام کیلئے جو قدم اٹھائے تھے، ان کو عوام کے سامنے پیش کیاجائے گااور بتایاجائے گا کہ موجودہ حکومت نے کشمیر کو کس طرح تاراج کردیاہے۔رمیش بابو نے کہاکہ دیوے گوڈا خود پارٹی کے سبھی امیدواروں کا انتخاب کریں گے، پارٹی کے سبھی سطح کے لیڈروں کو اعتماد میں لے کر امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔