بنگلورو۔4؍جنوری(ایس او نیوز) مخلوط حکومت کے متعلق برسر عام بیان بازی نہ کرنے کے پی سی سی صدر دنیش گنڈو راؤ کے مشورے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایچ ڈی ریونا نے کہا ہے کہ وہ جو بات کہنا چاہتے ہیں دیوے گوڈا اور کمار سوامی سے کہیں گے ، انہیں کیا کہنا ہے یہ دنیش گنڈو راؤ سے سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ بھی پانچ مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ اور اہم قلمدانوں پر بحیثیت وزیر کام کا تجربہ رکھتے ہیں، سیاسی بیان بازی کیسے کی جائے وہ انہیں کسی سے سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ دیوے گوڈا اور کمار سوامی انہیں جو کہیں گے وہ اس کے مطابق کام کرتے ہیں۔ دنیش گنڈو راؤ اپنی پارٹی کو سنبھالیں۔ جے ڈی ایس میٹنگ میں سابق وزیراعظم دیوے گوڈا کی طرف سے آنسو بہائے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم نے میٹنگ میں یہ درد ظاہر کیا ہے کہ اقتدار ہاتھ میں ہوتے ہوئے بھی جے ڈی ایس کچھ نہیں کرپارہی ہے۔ دیوے گوڈا کے ان آنسوؤں کا نشانہ کانگریس قطعاً نہیں ہے۔ ریونا نے کہاکہ ان کی توجہ صرف اپنے محکمۂ تعمیرات عامہ کو فعال اور متحرک بنائے رکھنے کی طرف مرکوز ہے۔