منجے گوڈا نے کیا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے حکمنامہ کا مطالبہ
بنگلورو،25فروری(ایس او نیوز) ریاستی سرکاری ملازمین کی انجمن کے صدر منجے گوڈا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا حکمنامہ فوراً جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ اور دیگر سہولیات پر مشتمل چھٹویں پے کمیشن کی سفارش کو وزیراعلیٰ نے من وعن نافذ کرنے سے اتفاق کرلیا ہے، اور یکم اپریل سے اس کا اطلاق ہوجائے گا۔ حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے منجے گوڈا نے کہاکہ بہتر ہے کہ اس سلسلے میں ابھی حکمنامہ جاری کردیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے سرکاری ملازمین کے فیڈریشن کی کانفرنس شہر میں 3مارچ کو بنگلور پیالیس گراؤنڈ میں منعقد ہوگی جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ سدرامیا کریں گے۔ اس موقع پر ریاستی کابینہ کے بیشتر وزراء شریک رہیں گے۔ اس موقع پر اسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار بھی منجے گوڈا کے ساتھ موجود تھے۔