وکالت کو پیشہ بنائیں فیشن نہیں:رام ناتھ کووند
بلگاوی،15؍ستمبر(ایس او نیوز) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ ملک میں آج نوجوانوں کی صلاحیتوں سے انقلاب پیدا ہوا ہے، ا س انقلاب کا فائدہ اگر اب نہ اٹھاسکیں تو ہوسکتاہے کہ آنے والی نسلیں اس سے فائدہ اٹھائیں۔
بلگاوی کے جی آئی ٹی کالج میدان میں کے ایل ایس لاء یونیورسٹی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے رام ناتھ کووند نے کہاکہ نوجوانوں کا انقلاب دن بدن ملک میں شدت اختیار کرتا جارہاہے لیکن اب تک اس کے متوقع نتائج پورے ملک میں سامنے نہیں آپائے ہیں، آنے والے دنوں میں ملک ان سے بھرپور فائدہ اٹھاسکے گا۔ کرناٹک کے تعلیمی اور ترقیاتی میدان میں بلگاوی کی حصے داری کو سراہتے ہوئے صدر ہند نے کہاکہ پہلی مرتبہ وہ بلگاوی کا دورہ کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ تاریخ بتاتی ہے کہ 1892 میں سوامی وویکا نند نے اس شہر کا دورہ کیا۔ اس کا اثر آج بھی بلگاوی میں دیکھا جارہا ہے۔ مجاہد آزادی بال گنگا دھر تلک نے اس شہر سے گنیش تہوار کے اہتمام کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ یہ روایت رفتہ رفتہ پورے ملک میں عام ہوئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پیشۂ وکالت سے وابستہ نوجوانوں سے مخاطب ہوکر کہاکہ وکالت کو ایک مقدس پیشے کے طور پر برقرار رکھا جائے اسے فیشن نہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گاندھی جی اور امبیڈکر نے بھی وکالت کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملک کی آزادی کے لئے جدوجہد سے اپنے آپ کو وابستہ کیاتھا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس دیپک مشرا گورنر واجو بھائی والا ، وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی ، اور دیگر وزراء اور اہم شخصیات موجود تھیں۔