امبریش کے انتخاب نہ لڑنے کے فیصلے کے لئے دنیش گنڈو راؤ ذمہ دار
بنگلورو،24؍اپریل(ایس او نیوز) منڈیا اسمبلی حلقے سے کانگریس امیدوار کے طور پر میدان میں نہ اترنے فلم اداکار امبریش کے فیصلے کے لئے کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ کو ذمہ دار ٹھہرایا جارہاہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران خود امبریش نے بھی کہاکہ دنیش گنڈو راؤ کو ان کے متعلق بیان بازی ذمہ داری سے کرنی چاہئے تھی۔ امبریش نے کہا کہ کچھ عرصے قبل کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈوراؤ ان کے گھر آئے اور ان سے منڈیا حلقے سے انتخاب لڑنے کی گذارش کی، اس مرحلے میں انہوں نے جواب دیا کہ وہ مقابلہ نہیں کریں گے، اس وقت دنیش گنڈوراؤ نے انہیں منانے کی بجائے یہ کہاکہ ان کا فیصلہ درست ہے۔ اور یہ بھی کہاکہ حلقے میں ان کے لئے ماحول ٹھیک بھی نہیں ہے، ان کے اس بیان سے انہیں کافی دکھ ہوا ۔
امبریش نے کہاکہ وہ کانگریس پارٹی سے بالکل ناراض نہیں ہیں۔ امبریش نے کہاکہ وزیراعلیٰ بننے سے پہلے سدرامیا اکثر ان کے گھر آیا جایا کرتے تھے، یہاں تک کہ دیوے گوڈا بھی ان کے گھر کئی بار آچکے ہیں، لیکن یہ سب کہہ کر وہ اپنے آپ کو بڑا ثابت کرنا نہیں چاہتے۔ان دونوں رہنماؤں نے جس محبت کا اظہار کیا ہے وہ ان کے لئے بڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس لیڈروں نے منڈیا حلقے سے انہیں امیدوار بنانے کے لئے آخری لمحات تک انتظار کیا یہ ان کی محبت ہے، جس کے لئے وہ کانگریس پارٹی کے ممنون رہیں گے۔
امبریش نے کہاکہ وہ 71؍ سال کے ہوچکے ہیں اور اب انہیں لگتاہے کہ سرگرم سیاست میں نہیں رہنا چاہئے، اسی لئے انہوں نے انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امبریش نے کہا کہ پارٹی نے گنیگا روی کو ٹکٹ دیا ہے وہ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن یہ ٹکٹ اگر فلم اداکارہ رمیہ کو دیا جاتا تو انہیں اور بھی خوشی ہوتی۔ امبریش نے دعویٰ کیا کہ منڈیا ہی نہیں ریاست کے کسی بھی حلقے سے وہ انتخاب لڑ کر کم از کم پانچ فیصد ووٹ تو حاصل کرلیں گے۔ یا پھر انتخابی مہم چلا کر بھی پارٹی کے لئے کام کرسکتے ہیں لیکن عمر انہیں اس کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ امبریش نے کہاکہ آج صبح کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے بھی ان سے بات کرکے گذارش کی کہ وہ منڈیا حلقے سے انتخاب لڑیں۔ پرمیشور کی اس محبت کے لئے وہ ان کے احسان مند ہیں۔ سدرامیا نے بھی ان سے بات کی ، امریش نے کہاکہ ایک ماہ پہلے ہی انہوں نے اپنے معاون امراوتی چندر شیکھر سے کہاتھاکہ وہ انتخاب لڑیں لیکن چندر شیکھر نے انتخاب لڑنے سے انکار کردیا۔ اس دوران اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے آج امبریش سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور تبادلۂ خیال کیا۔