ترقیاتی کاموں پر سیاست نہیں ہونی چاہئے: ریونا
بنگلورو،30؍نومبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے معاملے میں سیاست نہیں ہونی چاہئے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بحیثیت ریاستی وزیر ان کی ترجیحات میں تمام ضلعی مراکز اور تعلقہ جات شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی علاقے کے پروگرام کے اہتمام میں انہوں نے یا ان کے محکمے نے پروٹو کول کو پامال نہیں کیا ہے۔ اور مقامی اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لے کر ہی ترقیاتی پروگراموں کے آغاز یا تکمیل کی تقریبوں کا اہتمام کیاجاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں ترقیاتی کاموں کے لئے ان کے محکمے کے تحت کروڑوں روپیوں کی رقم فراوانی کے ساتھ خرچ کی جارہی ہے، بحیثیت وزیر ان کا یہی مقصد ہے کہ سیاسی اختلافات سے بالا تر ہوکر ریاست کے ہر ضلع کی ترقی کے لئے کام کریں۔
وزیر موصوف نے بتایاکہ کل ہاسن میں 1865 کروڑ روپیوں کی لاگت سے شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھاجائے گا۔یہ شاہراہ باناوار ، ہلیار، کے درمیان قائم ہوگی۔ اس کے علاوہ چن رائے پٹن اور ہاسن میں بائی پاس کی تعمیر اور قومی شاہراہ نمبر 75کو چار لائن شاہراہ میں تبدیلی کا کام شامل ہے۔