سائبر سیکورٹی کے نظام کو مستحکم کرنا ضروری
بنگلورو21؍جولائی(ایس او نیوز) دہشت گرداانہ حملوں اور سماج دشمن سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سائبر سیکورٹی قائم کی جارہی ہے جو کہ اس شعبے میں ہندوستان کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ بات آج شہر میں یو آر راؤ سیٹلائٹ سنٹر کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ایم انا درے نے کہی۔
21ویں صدی میں سائبر سیکورٹی کو درپیش چیلنجوں کے عنوان پر سالانہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سائبر سیکورٹی کے لئے کئی چیلنجوں کا سامنا ہے، عموماً ڈیٹا چرائے جانے کے لئے سائبر کا استعمال کیا جاتا ہے۔اس کے لئے سائبر سیکورٹی کے نظام کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک کی سرحدوں کے ساتھ ملک کے اہم مقامات پر تحفظ کے انتظامات پر نظر رکھنے کے ساتھ ملک کے داخلی نظام میں انٹرنیٹ کے ذریعے گھسنے اور اسے نقصان پہنچانے کی کوششوں پر سائبر سیکورٹی انتظامیہ نے ہمیشہ کڑی نظر رکھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شہر بنگلور چونکہ ملک میں آئی ٹی کی راجدھانی ہے اس شہر کے لئے موثر سائبر سیکورٹی نظام کی ضرورت ہمیشہ سے محسوس کی گئی ہے۔ دو دنوں تک چلنے والے اس پروگرام میں ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے مختلف نمائندوں اور مرکزی حکومت کے دفاعی ، خلائی اور دیگر تنظیموں کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔