بنگلورو،4؍اکتوبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے مرکزی حکومت کی طرف سے پٹرول پر لگائے جانے والے سیس میں ڈھائی روپے کی کمی لانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہاہے کہ دیر سے ہی سہی مرکزی حکومت کی سمجھ میں عوام کی پریشانی آئی ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے بھی گزشتہ ماہ پٹرول پر لگائے جانے والے سیس میں کمی کی تھی۔ اب مرکزی حکومت کی طرف سے سیس کم کیا گیاہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے سیس مزیدکم کئے جانے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہاکہ فی الوقت ایسی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مسلسل جاری ہے اسے دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت کی طرف سے سیس میں کمی لانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔