عہدۂ وزیر اعلیٰ ملے تو نبھانے تیار: پرمیشور
بنگلورو،17؍نومبر(ایس او نیوز) نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور کا یہ بیان کہ اگر انہیں عہدۂ وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری دی جاتی ہے تو وہ سنبھالنے کے لئے تیار ہیں۔ ایک طرف ان کے سیاسی عزائم کا مظہر بن کر سامنے آیا ہے تو دوسری طرف یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ کافی عرصے سے ان کی نظریں وزیر اعلیٰ کی کرسی پر ٹکی ہوئی ہیں۔آج بلگاوی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ انہیں عہدۂ وزیر اعلیٰ دیا جاتا ہے تو وہ پوری ذمہ داری سے نبھانے کے لئے تیار ہیں۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے انہیں جو بھی ذمہ داری دی جائے گی اسے پارٹی کے ایک وفادار سپاہی کی مانند نبھائیں گے۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ ریاست میں کمار سوامی قیادت والی کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرے گی۔محکمۂ پولیس میں اصلاحات کے متعلق اڈیشنل ڈی جی پی راگھویندرا اوراد کر کی رپورٹ نافذ کرنے کے متعلق نائب وزیراعلیٰ نے بتایاکہ مختلف سطحوں پر اس رپورٹ کو موضوع بحث بنایا گیا ہے، وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے بھی اس کے بیشتر نکات کو منظور کرلیا ہے۔ رپورٹ کی سفارشات کو من وعن نافذ کرنے کے سلسلے میں جلد قدم اٹھائے جائیں گے۔ ان سفارشات کے متعلق پولیس والوں کے تبادلوں کی مدت سالانہ سے بڑھاکر دو سال کی جائے گی۔ اس موقع پر ریاستی کابینہ میں ردوبدل کے متعلق ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے مرحلے میں بلگاوی ضلع کو ایک اور نمائندگی ملنے کا امکان ہے۔