بغیرمحرم کے حج:خواتین میں زبردست جوش :نقوی بہترین سہولتوں کے ساتھ سفرکے اہتمام کا تیقن۔ہندوستانیوں کا کوٹا بڑھانے کوشش جاری

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 22nd November 2017, 11:04 AM | ملکی خبریں |

نئی دہلی،21/نومبر (یو این آئی)ملک میں مسلم خواتین کو بااختیار بنانے کے رُخ پر مرتب کئے جانے والے نئے باب کے تحت آزادی کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستانی مسلم خواتین اکیلے سفر حج پر روانہ ہونے جارہی ہیں ۔2018کی نئی حج پالیسی کے تحت اس تبدیلی نے ان میں اتنا زبردست جوش و خروش بھر دیاہے کہ صرف ایک ہفتہ کے اندر اب تک88خواتین کی درخواستیں مرکزی حج کمیٹی کو مل چکی ہیں۔اس حوصلہ افزا اطلاع کے ساتھ کہ ان درخواستوں میں زیادہ تر قبول کر لی گئی ہیں، اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں ہندوستانی عازمین حج کے مجموعی کوٹے میں ممکنہ اضافے کا بھی بالواسطہ اشارہ کیا اورکہا کہ2018کے حج کو اپنی سہولتوں اور دوسرے امکانات کے ساتھ اور بہتر طریقے سے انجام تک لانے کی کوشش کی جائے گی جس میں قربانی کے کوپن کو بھی اب اختیاری کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب تک30ہزار حج درخواستیں آن لائن موصول ہو چکی ہیں جو عازمین کے اندر نئی سہولتوں سے استفادہ کرنے کی بیداری کی واضح جھلک ہے ۔ آن لائن درخواستوں میں سے15 فی صد درخواستیں موبائیل ایپس کے ذریعہ داخل کی گئی ہیں۔ آف لائن درخواستوں کی ابتک کی تعداد3 ہزار کے آس پاس ہے ۔70برس سے زیادہ عمر کے عازمین کی ترجیح بھی برقرار رکھی گئی ہے۔محرم کے بغیر45سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین کے چار چار کے گروپ کی درخواستوں کے بارے میں انہوں نے بتا یا کہ ایسے22 گروپوں میں کیرلا کی72 مغربی بنگال کی 4، آسام کی 4اور یوپی کی 8خواتین شامل ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی مسلک میں اس کی اجازت نہیں تو حکومت اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔امبارکیشن پوائنٹس میں کسی طرح کی کمی کے اندیشے کو مسترد کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ اس بار جہاں عازمین تمام 21امبارکیشن پوائنٹ سے سفر حج کر سکتے ہیں وہیں انہیں اپنے اخراجات میں کمی اور سہولتوں کا دائرہ ازخود متعین کرنے کے لئے امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب خود کرنے کا بھی موقع دیا جارہا ہے ۔وضاحت طلب کرنے پر نقوی نے بتا یا کہ جموں کشمیر کا حاجی چاہے تو وہ دہلی سے بھی سفر حج کا انتخاب کر سکتا ہے ۔ اس طرح اسے ایک لاکھ 9ہزار692روپے کی جگہ 73ہزار697روپے ادا کرنے ہوں گے ۔ آسام کا عازم گوہاٹی پر کولکتہ کو ترجیح دے کر 32ہزار619روپے بچا سکتا ہے ۔ رانچی اور گیا سے اب تک حج کرنے والے بھی کولکتہ سے ارزاں سفر حج کا انتخاب کر سکتے ہیں ۔سبسڈی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صرف ہوائی سفر تک محدود یہ سبسڈ ی کبھی عام نہیں رہی ۔ سری نگر ، گوہاٹی اور گیا میں جہاں اس سہولت سے عازم حج کوکرایے میں کمی کا فائدہ ملتا تھا وہیں ممبئی، احمد آباد، ناگپور ،بنگلور،کولکتہ،حیدرآبادوغیرہ کے ہوائی کرایے میں سبسڈی سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔حج کمیٹی آف انڈیا اور پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعہ حج سے متعلق ایک سے زیادہ اختلافی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ 2012کے سپریم کورٹ کے متعلقہ فیصلے کے بعد حج کمیٹی نے کچھ سفارشیں پیش کی ہیں جو وزارت کے نزدیک زیر غور ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج پر بھی حکومت کی کڑی نظر ہے تاکہ کسی پرائیویٹ حاجی کا استحصال نہ ہو ۔خاطی آپریٹروں کی سکیورٹی رقم ضبط کی جا سکتی ہے اور ایسے 3 آپریٹر کی جانچ چل رہی ہے ۔ایک دیگر سوال کے جواب میں نقوی نے کہا کہ حج کا مجموعی ہندوستانی کوٹہ جو ایک لاکھ70ہزار ہے ، بڑھانے کے لئے سعودی ذمہ داران سے باہمی بات چیت چل رہی ہے جو جلد نتیجہ خیز ہوئی تو جنوری میں اس اضافے کا امکان ہے ۔وزیر حج نے ایک سائل کے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ حج امور کے وزارت خارجہ سے وزارت اقلیتی امور میں منتقلی سے غیر ملکی سفر حج کے بیرون ملک نظم کے ہندوستانی قونصل خانے کے ذمہ داران جوابدہ نہیں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت سعودی عرب میں بھی ہندوستانی حاجیوں کے مفادات کا پاس رکھنے کی ذمہ دار ہے اور قونصل خانے کے ذمہ داران کا اسے بھر پور اشتراک حاصل رہتا ہے ۔ہوائی کرایے میں کمی کیلئے گلوبل ٹنڈر کے دیرینہ مطالبے پر وزیر موصوف نے کہا کہ قانوناً اس کی گنجائش نہیں لیکن اب اندرون ملک اتنی ایرلائینیں ہو چکی ہیں کہ داخلی طور پر اس امکان کا جائزہ لیا جا سکتا ہے اور اتفاق رائے کی صورت میں استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔

ایک نظر اس پر بھی

وی وی پیٹ معاملہ: سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ دوبارہ محفوظ رکھا

’دی ہندو‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ نے بدھ کو مشاہدہ کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور ووٹر کی تصدیق شدہ پیپر آڈٹ ٹریل میں مائیکرو کنٹرولرز کسی پارٹی یا امیدوار کے نام کو نہیں پہچانتے ہیں۔ جسٹس سنجیو کھنہ اور دیپانکر دتا کی بنچ الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ڈالے ...

مودی حکومت میں بڑھی مہنگائی اور بے روزگاری کے سبب خواتین پر گھریلو تشدد میں ہوا اضافہ: الکا لامبا

 ’’چنڈی گڑھ لوک سبھا سیٹ پر اس مرتبہ الیکشن تاریخی ثابت ہوگا۔ یہاں کے انتخاب کی لہر ہریانہ، پنجاب میں کانگریس کی فتح طے کرے گی۔‘‘ یہ بیان قومی خاتون کانگریس کی صدر الکا لامبا نے چنڈی گڑھ میں دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی مہنگائی و بے روزگاری کے معاملے میں ...

ہتک عزتی کے معاملہ میں راہل گاندھی کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے راحت، کارروائی پر روک

 کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو چائیباسا کے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں ان کے خلاف چل رہے ہتک عزتی کے معاملہ میں بڑی راحت ملی ہے۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں جاری کارروائی پر روک لگا دی ہے۔

مودی کی گارنٹی بے اثر رہی، اس لئے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں: پی چدمبرم

 کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہا کہ 'دولت کی دوبارہ تقسیم' اور 'وراثتی ٹیکس' پر 'من گھڑت' تنازعہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اس لوک سبھا الیکشن میں خوفزدہ ہے اور جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے کیونکہ 'مودی کی گارنٹی' کوئی اثر چھوڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

فوج کی بھرتی کا کیا ہوا، مورینہ بجلی چوری کا گڑھ کیوں بن گیا؟ کانگریس کے مودی سے سوالات

کانگریس نے وزیر اعظم مودی کے مدھیہ پردیش میں انتخابی جلسہ سے قبل ریاست کو درپیش کچھ مسائل پر سوالات پوچھے اور دعویٰ کیا کہ ریاست کے دیہی علاقوں، خاص طور پر قبائلی بستیوں میں ’سوچھ بھارت مشن‘ ناکام ثابت ہوا ہے۔

این سی پی – شردپوار نے جاری کیا اپنا انتخابی منشور، عورتوں کے تحفظ کو ترجیح دینے کا وعدہ

این سی پی - شرد پوار نے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کر دیا ہے۔ اس منشور میں خواتین کے تحفظ کو ترجیح دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کم کرنے کا بھی منشور میں وعدہ کیا گیا ہے۔ پارٹی نے اپنے منشور کا نام ’شپتھ پتر‘ (حلف نامہ) رکھا ہے۔