پی یو سی امتحانات کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا لازمی
بنگلورو،24؍اکتوبر(ایس او نیوز) پی یو سی سال دوم کے امتحانات میں آئے دن دھاندلیوں پر روک لگانے کیلئے رواں سال پی یو سی کے تمام امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے پر حکومت نے آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس سلسلے میں محکمۂ بنیادی وثانوی تعلیمات کی طرف سے ایک سرکیولر جاری کیا جاچکا ہے، اور متعلقہ کالجوں سے کہا گیا ہے کہ مارچ اپریل 2017کے دوران ہونے والے پی یو سی سال دوم کے فائنل امتحان کے دوران تمام مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔ تمام سرکاری ایڈڈ اور ان ایڈڈ کالجوں کیلئے یہ ضابطہ لاگو ہوگا۔ سرکاری اور ایڈڈ کالجوں کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کیلئے حکومت کی طرف سے فنڈز مہیا کرائے جائیں گے ،جبکہ ان ایڈڈ کالجوں کے انتظامیہ کو اپنے طور پر یہ انتظام کرنا ہوگا۔ کرناٹکا ایگزامنیشن اتھارٹی اور محکمۂ ثانوی تعلیمات کے اعلیٰ عہدیداروں نے ریاست کے تمام تعلیمی اضلاع میں آنے والے کالجوں کو اس سلسلے میں سخت ہدایات جاری کردی ہیں اور کہاہے کہ پی یو سی امتحانات میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں ، نقل نویسی وغیرہ کی شکایات کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھائے گئے ہیں۔ کالجوں سے کہا گیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے صرف کالجوں کے احاطہ تک محدود نہ رکھیں جائیں، بلکہ کالجوں کے ارد گرد ایک کلومیٹر کے علاقہ میں ہونے والی نقل وحرکت پر بھی نظر رکھی جائے۔