مجسمہ کی شر پسندانہ انہدامی کارروائی میں ایک اور واقعہ پیش ، سماج دشمن عناصر نے توڑا بابا بھیم راؤامبیڈکر کا مجسمہ
اعظم گڑھ 10 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) تریپورہ سمیت ملک کے کئی ریاستوں میں عظیم شخصیات کے مجسمے منہدم کئے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے سخت ناراضگی کے اظہار کے درمیان اعظم گڑھ ضلع کے کپتان گنج علاقے میں سماج دشمن عناصر نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچا۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کپتان گنج تھانہ علاقہ کے راجاپٹی گاؤں میں امبیڈکر کا مجسمہ نصب تھا ۔ جمعہ،ہفتہ کی درمیانی رات سماج دشمن عناصر نے اسے نقصان پہنچا۔ صبح کھیتوں میں کام کرنے گئے گاؤں کے باشندگان نے مجسمہ کو بکھرا ہوا دیکھا ۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی خبر پھیلنے پر بڑی تعداد میں دیہی باشندگان موقع پر جمع ہو گئے۔ اسی درمیان کسی نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ اطلاع کے بعد موقع پر پہنچی پولیس کو گاؤں والوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، پولیس نے مشتعل دیہاتیوں کو بمشکل سمجھابجھا کر خاموش کرایا اور مجسمے کی مرمت کا کام شروع کرایا گیا ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) نریندر پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ اطلاع کے بعد موقع پر پولیس اور انتظامیہ کے افسران پہنچے۔ پولیس واقعہ میں ملوث افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔ معلوم ہو کہ گزشتہ دنوں تریپورہ میں لینن کا مجسمہ منہدم کئے جانے کے بعدردِ عمل کے طور پر مغربی بنگال میں دین دیال اپادھیائے کی مورتی پر سیاہی پوتنے کا واقعہ بھی پیش آیا ہے۔اس کے علاوہ ملک کے کچھ دیگر مقامات پر بھی ایسی ہی واقعات پیش آچکے ہیں ۔ نریندر مودی نے اس پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ایسا کرنے والوں کو سخت وارننگ دی تھی۔اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی دو دن پہلے ریاست کے تمام متعلقہ حکام کو صوبہ کے مختلف مقامات میں نصب عظیم شخصیات کے مجسموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی تھی ۔