بی جے پی مخلوط حکومت کو گرانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے: دنیش گنڈو راؤ
بنگلورو،7؍اگست(ایس او نیوز) کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہا ہے کہ بی جے پی ریاست میں کانگریس جنتادل (ایس) مخلوط حکومت کو گرانے کی کوششیں مسلسل کررہی ہے۔
کے پی سی سی دفتر میں ایک اخبار ی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ بی جے پی اب بھی کانگریس اراکین اسمبلی کو اقتدار اور پیسے کالالچ دینے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور اخلاقیات کا درس دینے والی بی جے پی اقتدار کی ہوس میں اندھی ہوچکی ہے، کانگریس اراکین اسمبلی کو کروڑ وں روپیوں کی رقم ، نائب وزیراعلیٰ اور وزیر کے عہدوں کی پیش کش کررہی ہے۔ دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ بی جے پی اقتدار کے لالچ کے ساتھ اب تک تمام 80 کانگریس لیجسلیٹروں سے رابطہ کرچکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو چاہئے کہ ریاست کااقتدار حاصل کرنا ہے تو عوامی مفادات کے لئے جدوجہد سے جڑے، ایسا کرنے کی بجائے چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدی انتخابات میں کانگریس اور جنتادل (ایس) کے درمیان ریاستی سطح پر بھلے ہی مفاہمت نہیں ہورہی ہے لیکن مقامی سطح پر جہاں بھی ضرورت پڑے مفاہمت کرنے کے اختیارات مقامی قائدین کو دئے گئے ہیں۔
دنیش نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور جنتادل (ایس) کا اتحاد برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں ، بینکوں میں دھوکہ دہی کے معاملے اور دیگر تمام کوتاہیوں کو اجاگر کرکے کانگریس ملک میں سیکولر اور جمہوری حکومت کے قیام کی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ 13 اپریل کو مرکزی حکومت کی ناکامیوں کی نشاندہی کے لئے بیدر میں کانگریس کی پہلی جنا دھونی ریلی منظم کی گئی ہے، جس سے صدر کانگریس راہل گاندھی خطاب کریں گے۔