حکومت گرانے کی کوششیں مسلسل جاری :جی پرمیشور
بنگلورو،20؍ستمبر(ایس او نیوز) نائب وزیراعلیٰ جی پرمیشور نے کہاکہ پچھلے ایک ماہ سے بی جے پی ریاستی حکومت کو گرانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔ان کوششوں کی وجہ سے ریاستی حکومت ترقیاتی کاموں پر توجہ نہیں دے پارہی ہے۔ ٹمکور یونیورسٹی کے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے جاری کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
اراکین اسمبلی کے ریسارٹ میں ٹھہرنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہا ہے کہ ان خبروں کو لے کر کانگریس یا جے ڈی ایس میں کوئی فکر مندی نہیں ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اراکین اسمبلی کو جبراً اغوا کرکے انہیں ریسارٹ لے جانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے لیکن یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی، ان تمام حالات سے ریاستی حکومت نے اعلیٰ کمان کو آگاہ کرایا ہے۔اس سلسلے میں صدر کانگریس راہل گاندھی نے چند ہدایات دی ہیں جن کے مطابق عمل کیا جائے گا۔
ریاست میں نائب وزیراعلیٰ کا ایک اور عہدہ قائم کئے جانے کے متعلق خبروں پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ اس سلسلے میں اعلیٰ کمان کی طرف سے جو بھی فیصلہ لیا جائے گا اس کی پابندی ہر کانگریسی کو کرنی پڑے گی۔لیکن جہاں تک ان کی معلومات کا سوال ہے اب تک ایسی کسی تجویز پر تبادلۂ خیال نہیں ہوا ہے۔