بھارت بند: 58 کانگریس کارکنان کو حراست میں لیا گیا
رانچی ،11؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس کی جانب سے بلائے گئے ’بھارت بند‘ کوناکام کرنے کے لئے جھارکھنڈ میں پیر کو پارٹی کے 58 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے ایک اہلکار نے اس کی اطلاع دی۔ ملک میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف کانگریس کے ’بھارت بند‘ کو ریاست میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ، راشٹریہ جنتا دل اور بائیں بازو پارٹیوں نے حمایت کی تھی ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اندرجیت مہتا نے بتایا کہ جبراً بند کرانے کی کوشش کرنے پر پلامو ضلع کانگریس صدر جیش رنجن پاٹھک سمیت 58 کانگریس کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق، گڑھوا ضلع کے سوا جمشید پور، رانچی، ہزاری باغ، لوہردگا، گملا، رام گڑھ، گریڈیہہ، لاتیہار ، پلاموں، دھنباد اور دیگر اضلاع میں معمولات زندگی متاثر نہیں ہوئی ہے ۔پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس کی نگرانی میں مال گاڑی اور مسافر ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رانچی سمیت ریاست کے زیادہ تر حصوں میں ٹریفک معمول پر ہے ۔