غیر کنڑا بورڈوں کو ہٹانے پیر سے مہم: میئر
بنگلورو،28؍جولائی(ایس او نیوز) شہر کے میئر سمپت راج نے بی بی ایم پی افسروں کو ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر شہر میں بجز کنڑا تمام زبانوں میں لگائے گئے اشتہارات اور ہورڈنگس کو اکھاڑ پھینکنے کی مہم شروع کی جائے۔آج کنڑا نواز تنظیموں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران میئر کو اس سلسلے میں ایک عرضداشت پیش کی گئی۔عرضداشت کو منظور کرتے ہوئے میئر نے اعلان کیا کہ پیر سے ہی غیر کنڑا اشتہارات اور ہورڈنگس کو ہٹانے کی مہم باضابطہ شروع کردی جائے گی، ساتھ ہی جن تاجروں نے غیر کنڑا اشتہارات اور ہورڈنگس لگائے ہیں ان کے تجارتی لائسنس کو منسوخ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کے شعبۂ صحت کی طرف سے تجارتی اداروں کو لائسنس جاری کیا جاتا ہے، اب تجارتی لائسنس کے اجراء کے مرحلے میں ہر تاجر سے یہ اقرار نامہ لیا جائے گا کہ وہ اپنے دفتر ، دکان یا کسی بھی مقام پر جو بورڈ لگائے گا اس پر واضح طور پر کنڑا میں اندرا ج کیا جائے گا۔