کرناٹک میں آج عید قرباں! سیلاب کی تباہی کے متاثرین کو امداد فراہم کرنےعید کی نماز کے موقع پر بیشتر جمعہ مساجد سے چندہ اکٹھا کرنے کی توقع
بنگلورو۔21؍اگست(ایس او نیوز) ریاست بھر میں آج سے انتہائی تزک واحتشام سے عید قرباں منائی جارہی ہے۔ عید قرباں کے لئے جہاں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں وہیں پر ریاست کے کورگ ، ساحلی علاقوں اور ملناڈ میں تباہ کن سیلاب اور طوفانی بارش سے مچی تباہی کے متاثرین سے ہمدردی بھی شامل ہے۔ ریاست بھر کے مخیر اداروں ، خاص طور پر مسلم اداروں اور انجمنوں کی طرف سے سیلاب سے متاثرین کی امداد کے لئے انتہائی فراخدلانہ قدم اٹھائے جارہے ہیں۔
شہرسمیت ریاست بھر میں مختلف مساجد اور اداروں کی طرف سے متاثرین کی امداد کے لئے راحت کاری مہم جاری ہے۔ عید الاضحی کی نماز کے موقع پر بھی توقع ہے کہ شہر کی بیشتر عیدگاہوں میں کیرلا اور کورگ کے متاثرین کے لئے چندہ اکھٹا کیا جائے گا۔ اور یہ رقم یا تو وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع کرائی جائے گی یا پھر مختلف ادارے اور انجمنیں راست طور پر کورگ اور کیرلا پہنچ کر متاثرین کے درمیان راحت کاری میں لگ جائیں گے۔
عید قرباں کے اہتمام کے لئے جہاں تیاری جاری ہے وہیں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ قربانی کے اہتمام میں مسلمان اپنے اپنے گھروں اور محلوں کی پاکی صفائی کی طرف بھی خصوصی توجہ دیں ، ہمارے کسی بھی عمل سے برادران وطن کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچنے پائے اس بات کو یقینی بنائیں۔ سیلاب سے مچی تباہی کو دیکھتے ہوئے شہر کے بعض مسلم حلقوں نے عید قرباں کے موقع پر امدادکے طور پر خطیر رقم کا رخ بھی کیرلا اور کورگ کی طرف موڑ دیا ہے، اس اقدام کو ایک خوش آئند پہل تصور کیا جارہا ہے۔