کشمیر: پلوامہ کے ترال میں مسلح تصادم، اب تک ایک جنگجو ہلاک
سری نگر23ستمبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے آری پل ترال میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جاری مسلح تصادم میں اب تک ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مسلح تصادم میں ایک غیر ملکی جنگجو کو ہلاک کیاگیا ہے۔جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کے لیے ایک رہائشی مکان کو دھماکہ خیز مواد سے زمین بوس کیا گیا ہے۔
قبل ازیں ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ’ترال کے ڈار گنائی گنڈ آری پل میں گذشتہ رات کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیاگیا۔یہ تلاشی آپریشن مسلح تصادم میں تبدیل ہوچکا ہے‘۔سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ڈار گنائی گنڈ آری پل نامی علاقہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج ، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اورسینٹرل ریزرو پولیس فورس نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق علاقہ میں 2 سے 3 جنگجو محصور ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے علاقہ میں احتجاجی مظاہروں کوروکنے کے لیے ایک بڑے حصے کو محاصرے میں لیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کاتبادلہ جاری ہے۔