حجاج کرام کے آٹھویں قافلہ کی بعافیت وطن واپسی
بنگلورو،29؍ستمبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) سوئے حرم سے حجاج کرا م کا آٹھواں قافلہ کل شب بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ وقت مقررہ پر مدینہ منورہ سے بنگلور کیلئے پرواز کی آمد ہوئی، اس میں تقریباً340 حجاج کرام بخیر وعافیت فریضۂ حج کی سعادت سے سرفراز ہوکر مدینہ منورہ میں زیارت نبویؐ کا شرف حاصل کرنے کے بعد بنگلور لوٹ آئے۔ان حجاج کرام کے استقبال کیلئے وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ حج کیمپ کے چیف والینٹر آر رومان بیگ، حج کمیٹی کے ممبران جے سید ثناء اﷲ ، عبدالوحید اڈو ، ایم ایس ارشد اور دیگر عمائدین اور سینکڑوں کی تعداد میں رضاکار ایرپورٹ پر قائم حج ٹرمینل میں موجود رہے۔ فلائٹ کی بروقت آمد کے سبب حجاج کرام نے ٹرمینل میں خصوصی دعا کے بعد کسٹمس امیگریشن اور دیگر قانونی تقاضوں کو تیزی سے پورا کیا اور کچھ ہی دیر میں باہر ان کے استقبال کیلئے جمع رشتہ داروں کے جم غفیر کے ہمراہ اپنے گھروں کیلئے روانہ ہوگئے۔ آٹھ فلائٹوں کے ذریعہ اب تک 2750 حجاج شہر بنگلور لوٹ چکے ہیں ، حجاج کی واپسی کا یہ سلسلہ 5؍ اکتوبر تک جاری رہے گا۔