اپریل آخری ہفتے میں ہوگاپی یو سی سیکنڈ کے نتائج کا اعلان۔ وزیر تعلیم
بنگلورو 21؍مارچ (ایس او نیوز)وزیر تعلیم تنویر سیٹھ کے بیان کے مطابق17مارچ کو ختم ہونے والے پی یو سی سیکنڈایئرامتحانی پرچوں کی جانچ 26مارچ سے شروع ہوگی۔اورامکانی طور پر اپریل کے آخری ہفتے میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ پرچوں کی جانچ کے لئے 23,890لکچرارس اور پرنسپالس کو تعینات کیا گیا ہے۔جانچ کا کام 15دنوں کے اندر مکمل ہوجانے کی امید ہے۔پرچوں کی جانچ کے مراکز کی تعداد امسال بڑھاکر53کر دی گئی ہے، جبکہ یہ تعداد گزشتہ سال 42تھی۔ان میں سے 32مراکز بنگلورو شہر میں ، 8میسورو ،3دھارواڑمیں ہونگے ۔ اس کے علاوہ شیموگہ، داونگیرے، کلبرگی میں دو دو ، منگلورو میں 7اوربیلگاوی میں 6جانچ سنٹر ہونگے۔
فزیکس کے ایک پیچیدہ سوال کے تعلق سے وزیر موصوف نے بتایا کہ ماہرین کی کمیٹی کی طرف سے مشورہ دئے گئے مشورے کے مطابق جس بھی طالب علم نے بھی اس پیچیدہ سوال کو حل کرنے کی کوشش کی ہے ، اسے 5مارکس دئے جائیں گے۔اگر مذکورہ کمیٹی کی طرف سے مشورہ دیا جاتا ہے تو انگلش کے پرچے میں بھی گریس مارکس دئے جائیں گے۔