بلدیاتی انتخابات میں ایس ڈی پی آئی کے23امیدوار مقابلہ کریں گے
گلبرگہ:11/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ریاستی سکریٹریٹ رکن و شمالی کرناٹک کے انتخابی انچارج عبدالرحیم پٹیل نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے گلبرگہ ضلع کے جیورگی میں 10وارڈوں اور شاہ آباد میں 5وارڈوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اسی طرح رائچور ضلع کے رائچور بلدیہ کے 5وارڈوں اور دیودرگ کے3وارڈوں میں پارٹی امیدوارمقابلہ کریں گے۔ عبدالرحیم پٹیل نے مزید کہا کہ پارٹی لیڈران،کارکنان اور حامیان کی کثیرتعداد اور پارٹی کارکنان کی عوامی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے پارٹی نے مذکورہ بلدیہ وارڈوں میں امیدوار اتارنے کافیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی آئی نے ان وارڈوں میں اپنے امیدواراتارنے سے گریز کیا ہے جن وارڈوں میں پارٹی لیڈارن اور کارکنان کی موجودگی نہیں ہے۔ عبدالرحیم پٹیل نے جیورگی، شاہ آباد، رائچوراور دیودرگ بلدیہ کے عوام الناس اور ووٹر ان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ انتخابات میں وہ ایسے امیدواروں کو منتخب کریں جو ان کے بلدیہ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کیلئے خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرسکیں۔