سعودی عرب میں یوکرین مذاکرات: مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

Source: S.O. News Service | Published on 8th August 2023, 11:55 PM | عالمی خبریں |

کیف، 8/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) امریکہ، چین اور ہندوستان سمیت چالیس سے زائد ممالک کے قومی سلامتی کے مشیران اور اعلیٰ حکام نے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات میں حصہ لیا۔ روس نے اس میں شرکت نہیں کی لیکن کریملن کا کہنا تھا کہ وہ اجلاس کی کارروائی پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ چین نے اس سلسلے میں تیسرے دور کی میٹنگ کی حمایت کی۔

یہ مذاکرات اپنی نوعیت کی دوسری تھی، اس سے قبل موسم گرما میں کوپن ہیگن میں اسی طرح کی میٹنگ ہوئی تھی جس کا مقصد یوکرین میں روس کی جنگ کو ختم کرانے کے لیے کلیدی اصولوں کا تعین اور فریم ورک تیار کرنا ہے۔ امریکہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یوکرین روس جنگ کا پرامن حل تلاش کرنے کے مقصد سے ہونے والے اس مذاکرات کو "تعمیری" قرار دیا اور مذاکرات کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

مذاکرات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس پہل کے نتیجے میں اس سال موسم خزاں کے دوران عالمی رہنماوں کی "امن سربراہی اجلاس" کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ زیلنسکی کے ہیڈ آف اسٹاف اینڈری یرمک نے ایک بیان میں کہا،"ہم نے ان کلیدی صوبوں پر بہت نتیجہ خیز مشاورت کی جن پر ایک منصفانہ اور دیرپا امن قائم کیا جانا چاہئے۔"

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مذاکرات کے دوران میں مختلف نقطہ نظر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے انہیں "انتہائی ایماندارانہ اور کھلی بات چیت " قرار دیا۔ دوسری جانب روس کے نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ یہ مذاکرات زیلینسکی کے مؤقف کے پیچھے عالمی جنوب کو متحرک کرنے کی مغرب کی جاری کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ چین کے خصوصی سفیر لی ہوئی نے کہا کہ "ہمارے درمیان کئی اختلافات ہیں اور ہم نے مختلف موقف سنے، لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہم نے اپنے اصولوں کو ایک دوسرے سے شریک کیا۔"

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شرکاء نے بین الاقوامی مشاورت اور تبادلہ خیال اس انداز میں جاری رکھنے سے اتفاق کیا ہے جس سے یوکرین میں امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے مشترکہ بنیادوں کی تعمیر میں مدد مل سکے۔انہوں نے اجلاس کے دوران میں زیر بحث آنے والی مثبت آراء اور تجاویز سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

جدہ میں مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب یوکرین اپنے روایتی مغربی اتحادیوں کی بنیادی حمایت کے علاوہ روس کے مقابلے میں جنوبی ممالک کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ یہ ممالک یوکرین کی حمایت میں متردد رہے ہیں۔ ان میں چین اور بھارت نمایاں ہیں جن کے روس کے ساتھ قریبی تعلقات استوار ہیں۔

یوکرین اور اس کے اتحادیوں نے کہا ہے کہ یہ مذاکرات ان اصولوں کے لیے وسیع بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش ہیں جو امن کی بنیاد بن سکتے ہیں اور جس میں تمام روسی فوجیوں کا انخلا اور یوکرین کے تمام علاقوں کی اس کے کنٹرول میں واپسی شامل ہے۔ یوکرین کے سفیر پیٹرینکو اناتولی کا کہنا تھا کہ"گذشتہ دو دن تعمیری ثابت ہوئے ہیں۔ ایک وسیع وژن موجود ہے اور ہم نے اجتماعی طور پر (آئندہ) عالمی سربراہی اجلاس کی تیاری میں بتدریج پیش رفت کی ہے، جو امن فارمولے پر عمل درآمد کے آغاز کا مرکزی نقطہ سمجھا جاتا ہے۔"

ایک نظر اس پر بھی

بنگلہ دیش کو تاریخ کے شدید ترین ہیٹ ویو کا سامنا

  بنگلہ دیش کو گزشتہ 76 سالہ تاریخ کے ریکارڈ ہیٹ ویو کا سامنا ہے۔ بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یکم اپریل سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو 26 اپریل تک جاری رہی جب کہ بنگلہ دیشی محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی لہر مزید چند دن جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 34356 تک پہنچ گئی

  اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کئے جا رہے حملوں کے دوران جان گنوانے والے افراد کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں مسلط کردہ اسرائیلی جنگ کے باعث اب کی کی ہلاکتوں کی تعداد 34356 بتائی ہے۔

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔