بینگلورو: آر ایس ایس مخالف تبصروں کا شاخسانہ - ریاستی حکومت کی دعوت پر لندن سے آئی ہوئی مہمان پروفیسر کو بینگلور امیگریشن افسران نے تحویل میں لے کر 24 گھنٹوں بعد کر دیا ملک بدر
بینگلورو 26 / فروری (ایس او نیوز) شہر میں 'دستور اور قومی اتحاد' کے عنوان سے 24 اور 25 فروری کو منعقدہ کانفرنس میں لیکچر دینے کے لئے ریاستی حکومت کی دعوت پرلندن سے تشریف لانے والی مشہور مصنفہ، شاعرہ اور سماجی کارکن نیتاشا کَول کو بینگلورو ایئر پورٹ پر امیگریشن افسران نے شہر میں داخل ہونے سے روک دیا اور 24 گھنٹوں تک اپنی تحویل میں رکھنے کے بعد اُسے ملک بدر کرتے ہوئے واپس لندن بھیج دیا ۔
کشمیری پنڈت طبقہ سے تعلق رکھنے والی نیتاشا کَول برطانیہ کی ویسٹ منسٹر یونیورسٹی میں پروفیسر کے منصب پر فائز ہیں اور وہ آر ایس ایس کی پالیسیوں کے خلاف سخت تبصرے اور تنقید کرتی رہتی ہیں ۔ نیتاشا نے بتایا کہ مجھے کوئی سبب بتائے بغیر امیگریشن افسران نے گرفتار کر لیا ہے ۔ مجھے سرسری طور پر افسران نے بتایا کہ آر ایس ایس کے خلاف میرے تبصروں کی وجہ سے مجھے بھارت میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے ۔ نیتاشا نے 'ایکس' پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا :"ان افسران نے غیر رسمی طور پر مجھے بتایا ہے کہ کچھ سال قبل میں نے آر ایس ایس کے خلاف تبصرہ کیا تھا ۔ جس کی وجہ سے بھارت میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے، حالانکہ مجھے ریاستی حکومت نے مدعو کیا تھا، لیکن مرکزی حکومت نے ملک میں داخلہ دینے سے انکار کیا ہے ۔"
نیتاشا نے بتایا کہ ان کے پاس برطانیہ کا پاسپورٹ ہے اور وہ اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) ہیں ۔ ایئر پورٹ پر گرفتار کرنے والے افسران نے مجھے بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رکھا ۔ ایئر پورٹ کے افسران کو بارہا فون کرنے کے باوجود مجھے کھانا، پانی، تکیہ، چادر وغیرہ دینے سے انکار کیا گیا۔
نیتاشا نے اپنے خلاف کیے جا رہے مرکزی حکومت کے اقدام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 'ایکس' پر لکھا ہے کہ "اگر اس طرح کی کوتاہیوں کو درست نہیں کیا گیا تو پھر میں جلا وطن تبتی ، یوکرینی باشندوں اور اقتدار کے نامعقول استبداد کا شکار ہوئے لوگوں کی قطار میں شامل ہو جاوں گی ۔" نیتاشا نے مرکزی حکومت کی سخت مذمت کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ میرے مضامین اور جملوں سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو خوف کیوں محسوس ہوتا ہے ؟ ریاستی حکومت کی طرف سے دستور اور قومی اتحاد پر بولنے کے لئے مدعو کیے گئے ایک پروفیسر کے ملک میں داخلے پر مرکزی حکومت کی طرف سے روک لگانا کس طرح درست ہو سکتا ہے ۔ کیا ہمارا اعلان کردہ بھارت یہی ہے ؟