24 گھنٹے میں مل جائے گی الیکٹورل بانڈ کی تفصیل، کیوں چاہئیں ایس بی آئی کو 4 ماہ؟ ملکارجن کھرگے

Source: S.O. News Service | Published on 5th March 2024, 5:24 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 5/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) سپریم کورٹ میں الیکٹورل بانڈ کے خریداروں کی فہرست دینے کے لیے ایس بی آئی کے ذریعے مانگی گئی مہلت پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں مودی حکومت کی منشا پر ہی سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت ملک کے سب سے بڑے بینک کا استعمال اپنے مشتبہ و مشکوک لین دین کو چھپانے کے لیے ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

کانگریس کے قومی صدر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈ کے طور پربلیک منی کو وائٹ کرنے کی حکومت کی اسکیم کو ختم کر دیا ہے۔ عدالت نے ان لوگوں کے بارے میں معلومات طلب کی ہے جنہوں نے بی جے پی کو الیکٹورل بانڈ خرید کر دیا تھا، مگر اب بی جے پی چاہتی ہے کہ یہ کام لوک سبھا انتخابات کے بعد کیا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈ کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے پانچ ججوں کی آئینی بنچ نے کہا تھا کہ ایس بی آئی کو ڈونرز یعنی چندہ دینے والوں کی  تفصیلات دینی ہو گی۔ اس مطالبے پر ایس بی آئی نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ اسے عطیہ دہندگان کی فہرست دینے کے لیے 30 جون تک کا وقت دیا جائے۔

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مودی حکومت الیکٹورل بانڈ کے ذریعے اپنے مشتبہ و مشکوک لین دین کو چھپانے کے لیے ملک کے سب سے بڑے بینک کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے مودی حکومت کے الیکٹورل بانڈ کی ’بلیک منی کنورژن‘ اسکیم کو غیر آئینی، آر ٹی آئی کی خلاف ورزی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا تھا۔

ملکارجن کھرگے نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ ’’ایس بی آئی کو 6 مارچ تک الیکٹورل بانڈز خریدنے والوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے کہا گیا تھا لیکن بی جے پی چاہتی ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ایسا ہو۔ اس لوک سبھا کی میعاد 16 جون کو ختم ہو رہی ہے اور ایس بی آئی اس معلومات کو 30 جون تک دینا چاہتی ہے۔‘‘ کھڑگے نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی اس فرضی اسکیم کا سب سے بڑا فائدہ اٹھانے والی بنی ہے۔‘‘

کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ کانگریس پارٹی شروع سے ہی یہ کہتی آ رہی ہے کہ الیکٹورل بانڈ غیر شفاف اور غیر جمہوری ہے۔ کھڑگے نے سوال کیا کہ ’’کیا مودی حکومت بی جے پی کے مشکوک لین دین کو نہیں چھپا رہی ہے، جہاں ان غیر شفاف الیکٹورل بانڈ کے بدلے میں ہائی وے، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں، پاور پلانٹس وغیرہ کے ٹھیکے مودی جی کے قریبی لوگوں کو دیے گئے؟‘‘ کھرگے نے دوسرا سوال یہ کیا ہے کہ ’’ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف 24 گھنٹوں میں الیکٹورل بانڈ خریدنے والوں کی 44,434 آٹومیٹک ڈاٹا انٹریز کو سامنے لایا جا سکتا ہے، پھر ایس بی آئی کو یہ معلومات جمع کرنے کے لیے مزید 4 ماہ کی ضرورت کیوں ہے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی بالکل صحیح تھی کہ الیکٹورل بانڈ اسکیم غیر شفاف، غیر جمہوری اور یکساں مواقع کو برباد کرنے والی رہی ہے۔‘‘

کانگریس کے قومی صدر نے دعویٰ کیا کہ ’’مودی حکومت، پی ایم او اور وزارت خزانہ نے ہر ادارے کو نقصان پہنچایا ہے، چاہے وہ آر بی آئی ہو، الیکشن کمیشن ہو، پارلیمنٹ ہو یا اپوزیشن۔ اس کامقصد بی جے پی کی تجوریوں کو بھرنا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اب مایوس مودی حکومت تنکے کا سہارا لے کر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ناکام کرنے کے لیے ایس بی آئی کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘

ایک نظر اس پر بھی

دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی مستعفی

دہلی کانگریس کے ریاستی صدر اروندر سنگھ لولی نے اچانک اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اروند ر سنگھ لولی نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کو چار صفحات پر مشتمل خط ارسال کرکے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا اور ان کے سامنے استعفیٰ کی کئی وجوہات پیش کیں۔ انہوں نے اپنے ارسال کردہ خط ...

کالے قوانین کی منسوخی کے لئے انڈیا الائنس کی کامیابی ناگزیر: فاروق عبداللہ

جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اتوار کے روز کہاکہ وزیر اعظم نے انتخابی جلسوں کے دوران مسلمانوں پر براہ راست حملہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو مل کر یہ سوچنا چاہئے ، آخر کار ہم پر یہ براہ راست حملہ کیوں ہو رہا ہے، ہم سے یہ دشمنی کیسی ، مسلمانوں نے کسی کا ...

تیسرے مرحلہ میں بی جے پی کو ایک بھی نشست نہیں ملے گی: اکھیلیش یادو

سماج وادی پارٹی صدر اکھیلیش یادو نے اتوار کے دن دعویٰ کیاکہ بی جے پی لوک سبھا الیکشن کے مرحلہ سوم میں ایک بھی نشست نہیں جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ برسرِ اقتدار جماعت میں 400پار کا نعرہ لگاتے وقت ہوا کے رخ کو غلط کوسمجھا۔

آئین میں تبدیلی و ریزرویشن کو ختم کرنے کے لیے بی جے پی چار سو سیٹیں جتنا چاہتی ہے: سنجے سنگھ

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ایک بار پھر ریزرویشن اور آئین کے حوالے سے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ بات اب کھل کر سامنے آگئی ہے کہ بی جے پی آئین میں تبدیلی اور ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے اس لیے وہ 400 سیٹیں جیتنا چاہتی ہے۔ وہ آر ایس ایس کے ...