غزہ میں آناج پانی بند؛ نہیں مل رہی ہے کھانے کی چیزیں؛ پینے کے پانی کے لئے بھی ترس رہے ہیں فلسطینی عوام

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 31st October 2023, 12:48 PM | عالمی خبریں |

غزہ ٣١/اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) غزہ  میں بے تحاشہ بمباری اور زمینی حملوں کے ساتھ ہی اہل ِغزہ  کے لئے اناج، پانی اور غذا کی سپلائی بند کئے جانے کے بعد فلسطینی عوام بھوک اور پیاس سے بھی پریشان ہیں۔

9؍ اکتوبر سے کی گئی مکمل ناکہ بندی کے بعد عام شہریوں  کیلئے غذائی اشیاء اور پینے کے صاف پانی تک کی فراہمی بند ہے۔ شہر میں  موجود ذخیرہ  تقریباً ختم ہوچکاہے اور اب بھکمری کا اندیشہ پیدا ہوگیاہے۔ پانی کی قلت کی بنا پر لوگ سمندر کاپانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے پھرایک بار فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے جس پر اسرائیل توجہ دینے کو تیار ہی نہیں ہے، افسوس اس بات کا بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ  اس کی حمایت کرنے والا امریکہ اوراس کےاتحادی بھی فلسطین کے عوام کے ساتھ ہورہے ظلم  کی تائید میں لگے ہیں اور اسرائیل کی ہی مدد کررہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی امداد لوٹ لی گئی
 میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق غذاکی قلت اور بھکمری کے اندیشوں  سے پریشان ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کیلئے راحت رسانی کی اقوام متحدہ کی ایجنسی ’یو این آر ڈبلیو اے‘ کے اُن گوداموں اور تقسیم کے مراکز میں  گھس گئے اورزندگی گزارنے کی بنیادی ضروریات کی چیزیں لوٹ لیں ۔ اس کی اطلاع خود یو این آر ڈبلیو اے نے دی ہے۔ 

غزہ میں  ایجنسی کے ڈائریکٹر نے اسے تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اس بات کی پریشان کن علامت ہے کہ تین  ہفتوں  کی جنگ اور سخت ناکہ بندی کےبعد اب شہریوں کا صبر کا پیمانہ لبریز ہونے لگا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’لوگ خوفزدہ، پریشان اور مایوس ہیں ۔ فون اور انٹرنیٹ خدمات معطل کئے جانے سے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔‘‘

’بازاروں میں سامان ختم‘
  اقوام متحدہ کے نمائندہ نے بتایا کہ بم دھماکوں میں جو بازار او دکانیں بچ گئی ہیں ان میں غذائی اشیاء ختم ہوچکی ہیں جبکہ انسانی بنیادوں پررفح سرحد سےجتنی امداد کو داخل ہونے دیا جارہاہےوہ ضرورت کے مقابلے میں اس کا عشر عشیر بھی نہیں ہے۔‘‘اس بیچ مصر نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل رفح سرحد سے امدادی ٹرکوں کےغزہ میں فوری داخلے میں بھی رخنہ اندازی کررہاہے۔ 

زندہ رہنے کیلئے سمندر کےپانی پر انحصار
غذا کے ساتھ ہی پینے کے لائق صاف پانی کی قلت بھی غزہ میں  بڑھنے لگی ہے۔ غزہ کی فوٹو جرنلسٹ ثمر ابو ایلوف نے اتوار کو انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرکے بتایا ہے کہ کس طرح  سمندر کے کنارے آباد غزہ کے شہری اپنی ضروریات کی تکمیل کیلئے سمندر کے پانی پر انحصار پر مجبور ہیں ۔ ویڈیو میں  سمندر سے پانی بھرنے کا منظر دکھاتے ہوئے اس نے کہاہے  کہ ’’یہ وہ جگہ ہے جہاں  سے لوگ سمندر کا پانی بھرنے پر مجبور ہیں ۔‘‘اس کے ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ خدا کا شکر ہے کہ ’’سمندر کی یہ نعمت‘‘ موجود ہے ۔ ثمر ابو ایلوف کے مطابق ان لوگوں  کیلئے پانی کا حصول اور بھی بڑا مسئلہ ہے جو سمندر کے کنارے نہیں رہتے۔ ویڈیو میں  بتاتی ہیں کہ ’’جو سمندر کے قریب نہیں رہتا اس کیلئے یہاں آنا مشکل ہے۔

 انتونیوغطریس کا اقوام عالم کو پھر انتباہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نےاتوار کو پھر غزہ کی صورتحال پراقوام عالم کو متنبہ کیا اور قتل وغارتگری کا سلسلہ روکنے کیلئے فوری طورپر جنگ بندی کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں  نے کہا کہ’’ غزہ میں صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے۔‘‘  اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ ’’غزہ کی صورتحال لمحہ بہ لمحہ مزید اور خراب اور مایوس کن ہوتی جا رہی ہے۔ افسوس کہ انسانی بنیادوں پر حملوں کو  روکنے کے بجائے اسرائیل نے اپنی فوجی کارروائی تیز کر دی ہے۔‘‘

 واضح رہےکہ اسرائیلی وزیراعظم  نیتن یاہو نے غزہ کے خلاف ظالمانہ جنگ کو اسرائیل کی دوسری جنگ آزادی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنگ طویل اور مشکل ہوگی۔  الجزیرہ کی ایک رپورٹ کےمطابق غذائی اشیاء کی قلت کی وجہ سے غزہ میں عوام کی اچھی خاصی تعداد پیٹ بھر کر کھاناکھانے سے محروم ہے۔ 

یاد رہے کہ امدادی ٹرکوں کے داخلے کا سلسلہ ۲۱؍ اکتوبر کے بعد سے شروع ہوا ہے اور یومیہ ۲۰؍ ٹرکوں کے داخلے سے زیادہ کی اجازت نہیں ہے۔ البتہ اسرائیلی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں امدادی ٹرکوں کی تعداد میں اضافے کی اجازت دے سکتے ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

برازیل میں زبردست طوفان ؛ 29 افراد ہلاک

برازیل کی جنوبی ریاست ریو گرانڈے ڈو سل میں مسلسل چار دنوں سے جاری شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد آنے والے طوفان میں 29 افراد کی موت ہو گئی ہے اور 60 دیگر لاپتہ ہیں۔ گورنر ایڈورڈو لیٹی نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم جانتے ہیں کہ یہ تعداد بڑھے گی۔ انہوں ...

فرانس کی یونیورسٹیوں میں طلباء کا غزہ کی حمایت میں احتجاج، پولیس کی کارروائی

  امریکی یونیورسٹیوں کی طرح فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سوربون یونیورسٹی کے قریب درجنوں طلبہ نے فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ درجنوں افراد نے اس اہم یونیورسٹی کے قریب مظاہرہ میں بڑا فلسطینی پرچم لہرایا اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔

مسالہ تنازعہ: ہانگ کانگ اور سنگاپور کے بعد آسٹریلیا میں بھی جانچ کا فیصلہ، فوڈ ریگولیٹری نے صارفین کو کیا الرٹ

ہندوستان کی مشہور مسالہ کمپنیوں ایم ڈی ایچ اور ایوریسٹ کے لیے مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ ہانگ کانگ اور سنگاپور کے بعد امریکہ میں ان کمپنیوں کے مسالہ کو لے کر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا، اور اب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی فوڈ ریگولیٹری نے اس کی جانچ کا فیصلہ کر ...

بنگلہ دیش کو تاریخ کے شدید ترین ہیٹ ویو کا سامنا

  بنگلہ دیش کو گزشتہ 76 سالہ تاریخ کے ریکارڈ ہیٹ ویو کا سامنا ہے۔ بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یکم اپریل سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو 26 اپریل تک جاری رہی جب کہ بنگلہ دیشی محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی لہر مزید چند دن جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 34356 تک پہنچ گئی

  اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کئے جا رہے حملوں کے دوران جان گنوانے والے افراد کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں مسلط کردہ اسرائیلی جنگ کے باعث اب کی کی ہلاکتوں کی تعداد 34356 بتائی ہے۔