لکھنؤ میں خطرناک سلینڈر دھماکہ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت، 4 کی حالت تشویشناک

Source: S.O. News Service | Published on 6th March 2024, 6:04 PM | ملکی خبریں |

لکھنؤ، 6/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک گھر میں سلینڈر کا زوردار دھماکہ ہوا ہے جس کی زد میں اس گھر کے 9 افراد آگئے ۔ ان تمام کو اسپتال لے جایا گیا جہاں 5 لوگوں کی موت ہو گئی اور چار کی حالت تشویشناک ہے۔ فائر بریگیڈ محکمہ کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔

 رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ لکھنؤ کے کاکوری کے ہاتا حضرت صاحب میں پیش آیا ہے۔ یہاں رہنے والے مشیر علی زردوزی کا کام کرتے تھے۔ مشیر کے گھر میں گیس سلینڈر رکھے ہوئے تھے۔ کسی طرح اچانک گھر میں آگ لگ گئی اور سلینڈر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس میں مشیر اور ان کے خاندان کے 9 افراد بری طرح زخمی ہوگئے۔ دھماکہ ہوتے ہی پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ و پولیس کو اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے مشیر اور ان کے اہلِ خانہ کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں مشیر اور ان کی اہلیہ حسنہ بانو، بھانجی ہما، حبا اور بھتیجی رائیا کی موت ہوگئی جبکہ مشیر کی دو بیٹیاں، ایک بھانجی اور بیٹا عظمت کی حالت کافی سنگین بتائی جا رہی ہے۔ یہ دھماکہ اتنا زو درا تھا کہ کمرے کی دیوار بھی اڑ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معاملہ شارٹ سرکٹ کا لگتا ہے جس کی وجہ سے گھر میں رکھے سلینڈر پھٹ گئے۔ پولیس فورس اور فائر بریگیڈ کی مجموعی طور پر 3 گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا جا سکا۔

اس ضمن میں لکھنؤ پولیس کمشنریٹ نے بتایا کہ کاکوری قصبے میں ایل پی جی سلینڈر دھماکے سے کل 9 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 5 لوگوں کی موت ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون، ایک مرد اور تین لڑکیاں شامل ہیں۔ ان سب کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ 4 دیگر لوگ بری طرح زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے لکھنؤ کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ فی الحال معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی مستعفی

دہلی کانگریس کے ریاستی صدر اروندر سنگھ لولی نے اچانک اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اروند ر سنگھ لولی نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کو چار صفحات پر مشتمل خط ارسال کرکے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا اور ان کے سامنے استعفیٰ کی کئی وجوہات پیش کیں۔ انہوں نے اپنے ارسال کردہ خط ...

کالے قوانین کی منسوخی کے لئے انڈیا الائنس کی کامیابی ناگزیر: فاروق عبداللہ

جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اتوار کے روز کہاکہ وزیر اعظم نے انتخابی جلسوں کے دوران مسلمانوں پر براہ راست حملہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو مل کر یہ سوچنا چاہئے ، آخر کار ہم پر یہ براہ راست حملہ کیوں ہو رہا ہے، ہم سے یہ دشمنی کیسی ، مسلمانوں نے کسی کا ...

تیسرے مرحلہ میں بی جے پی کو ایک بھی نشست نہیں ملے گی: اکھیلیش یادو

سماج وادی پارٹی صدر اکھیلیش یادو نے اتوار کے دن دعویٰ کیاکہ بی جے پی لوک سبھا الیکشن کے مرحلہ سوم میں ایک بھی نشست نہیں جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ برسرِ اقتدار جماعت میں 400پار کا نعرہ لگاتے وقت ہوا کے رخ کو غلط کوسمجھا۔

آئین میں تبدیلی و ریزرویشن کو ختم کرنے کے لیے بی جے پی چار سو سیٹیں جتنا چاہتی ہے: سنجے سنگھ

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ایک بار پھر ریزرویشن اور آئین کے حوالے سے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ بات اب کھل کر سامنے آگئی ہے کہ بی جے پی آئین میں تبدیلی اور ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے اس لیے وہ 400 سیٹیں جیتنا چاہتی ہے۔ وہ آر ایس ایس کے ...