مراکش میں طاقت ور زلزلہ، دو ہزار سے زائد ہلاکتیں

Source: S.O. News Service | Published on 11th September 2023, 12:31 PM | عالمی خبریں |

رباط، 11/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) مراکش کے اسی نام کے شہر سے ہفتہ دس ستمبر کی صبح موصولہ رپورٹوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ مختلف شہروں میں ہزاروں کی تعداد میں عام شہری انتہائی خوف کے عالم میں نیند سے جاگ کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

مقامی وقت کے مطابق یہ زلزلہ جمعے کی رات 11 بج کر 11 منٹ پر آیا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے ماہرین کے مطابق شمالی افریقہ کی اس عرب ریاست کا شہر مراکش ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی ایک پسندیدہ منزل ہے اور اس زلزلے نے جس علاقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا، وہ مراکش شہر سے جنوب مغرب کی طرف تقریباﹰ 72 کلومیٹر (45 میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔

اس زلزلے کے جھٹکے صرف مراکش اور اس کے گرد و نواح میں ہی نہیں بلکہ ملک کے دور دراز ساحلی شہروں اور علاقوں تک میں بھی محسوس کیے گئے۔ ان شہروں میں رباط، کاسا بلانکا اور الصویرہ بھی شامل ہیں۔

مراکش شہر کے ایک 33 سالہ رہائشی عبدالحق العمرانی نے فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف ہی کو بتایا، ''زیادہ تر افراد نیند میں تھے۔ اچانک انتہائی طاقت ور جھٹکے لگنے لگے اور ہمیں اندازہ ہو گیا کہ یہ زلزلہ تھا۔‘‘

العمرانی کے مطابق، ''میں باہر نکلا اور میں  نے دیکھا کہ عمارتیں ہل رہی تھیں۔ میں نے دیکھا کہ اور بھی بہت سے شہری اپنے گھروں سے باہر کھلی جگہوں پر جمع ہو چکے تھے۔ ہر کوئی خوف زدہ تھا۔ بچے رو رہے تھے اور زلزلے کے نتیجے میں کچھ دیر کے لیے بجلی کا نظام اور ٹیلی فون رابطے بھی منقطع ہو گئے تھے۔‘‘

مراکش کی وزارت داخلہ نے ہفتہ 10 ستمبر کی صبح بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں بہت سی عمارات تباہ ہو گئیں اور ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق آج ہفتے کی صبح تک 632 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی تھی۔ بعد دوپہر تک یہ تعداد بڑھ کر کم از کم 820 ہو چکی تھی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس زلزلے نے مراکش کے جن صوبوں اور شہروں کو سب سے زیادہ متاثر کیا، ان میں الحاوز، تارودانت، ورزازات، شیشاوہ، ازیلال اور یوسفیہ کے علاوہ مراکش، اکادیر اور کاسا بلانکا بھی شامل ہیں۔

ہنگامی امدادی کارروائیوں کے ملکی محکمے کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ زلزلے کے باعث آخری خبریں آنے تک 329 افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق ہو چکی تھی، جن میں سے 51 کی حالت نازک تھی۔

مراکش میں اس طاقت ور زلزلے کے باعث سینکڑوں کی تعداد میں انسانی ہلاکتوں اور بے شمار عمارات کی تباہی کے بعد بیرونی دنیا کے بہت سے ممالک اور ان کے رہنماؤں نے مراکش کے ساتھ افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔

ملکی میڈیا نے بتایا کہ یہ زلزلہ مراکش میں آج تک آنے والا شدید ترین زلزلہ تھا۔

جرمنی کے چانسلر اولاف شولس اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ اس ہلاکت خیز قدرتی آفت کے بعد یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں اتنی زیادہ انسانی ہلاکتوں پر گہرا دکھ ہوا ہے۔

مراکش کے ہمسایہ ملک الجزائر میں شہری دفاع کے محکمے نے تصدیق کی ہے کہ اس زلزلے کے جھٹکے الجزائر میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم وہاں اس وجہ سے انسانی ہلاکتیں اور مادی نقصانات دونوں بہت کم ہوئے۔

مراکش میں گزشتہ تباہ کن زلزلہ 2004ء میں آیا تھا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.7 تھی اور جو 926 انسانی اموات کا سبب بنا تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

بنگلہ دیش کو تاریخ کے شدید ترین ہیٹ ویو کا سامنا

  بنگلہ دیش کو گزشتہ 76 سالہ تاریخ کے ریکارڈ ہیٹ ویو کا سامنا ہے۔ بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یکم اپریل سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو 26 اپریل تک جاری رہی جب کہ بنگلہ دیشی محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی لہر مزید چند دن جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 34356 تک پہنچ گئی

  اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کئے جا رہے حملوں کے دوران جان گنوانے والے افراد کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں مسلط کردہ اسرائیلی جنگ کے باعث اب کی کی ہلاکتوں کی تعداد 34356 بتائی ہے۔

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔