الیکشن کمیشن نے یوسف پٹھان کو دیا جھٹکا! انتخابی مہم میں 2011 ورلڈ کپ کی تصاویر کے استعمال پرلگائی پابندی
کولکاتا، 30/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جمعہ کو مرشد آباد ضلع کے بہرام پور سے ترنمول کانگریس کے امیدوار اور سابق کرکٹر یوسف پٹھان کو یہ کہہ کر جھٹکا دیا ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران 2011 کے ورلڈ کپ سے متعلق کسی بھی بینر یا پوسٹر کا استعمال نہیں کرسکتے۔
خیال رہے کہ یوسف پٹھان کی انتخابی مہم کے کئی بینروں میں سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو دکھایا گیا تھا، جس کے بارے میں کانگریس نے 26 مارچ کو الیکشن کمیشن میں شکایت درج کی تھی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے سال 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس وقت کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی تھے۔ سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان کے بڑے بھائی یوسف پٹھان بھی اس ٹیم کا حصہ تھے۔
ریاست کے چیف الیکشن کمیشن (سی ای او) کے دفتر کے ذرائع نے کہا، ’’شکایت پر نوٹس لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے کانگریس کی دلیل کو مضبوط پایا کیونکہ 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی جیت ہر ہندوستانی کے لیے فخر کی بات تھی۔ لہذا، ووٹروں کی توجہ مبذول کرانے کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کا فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔‘‘
الیکشن کمیشن نے سابق ہندوستانی کرکٹر کو 2011 کے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی جیت سے متعلق تصاویر والے تمام انتخابی بینروں کو ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ منگل کو کانگریس کی جانب سے شکایت درج کرانے کے بعد پٹھان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ورلڈ کپ سے متعلق تصاویر استعمال کرنے کا پورا حق ہے کیونکہ وہ فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔