گنگولی یکم اپریل (ایس او نیوز) تراسی میں پارک لاری سے بائک کے ٹکرانے کی وجہ سے بائک سوار کی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت گنگولی کے رہنے والے محمد کاشف ابن عبدالقادر (16) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثے میں ایک تیرہ سالہ لڑکا زخمی بھی ہوا ہے جسے کنداپور کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ بائک پر سوارکاشف گنگولی سے بیندور کی طرف جارہا تھا۔ تراسی نیشنل ہائی وے پرسڑک کنارے پارک کی گئی ایک لاری کوپیچھے سے ٹکرماردیا۔ سوشیل میڈیا پروائرل فوٹو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ لاری کو پیچھے سے ٹکر مارنے کے نتیجے میں بائک کا اگلا حصہ لاری کے اندرگھس گیا ہے۔ حادثہ پیر صبح قریب 5:45 بجے پیش آیا۔ حادثے کے فوری بعد گنگولی کی 24X7 ایمبولینس پرحادثے میں زخمی دونوں لڑکوں کو پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن کچھ دیر بعد محمد کاشف زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
پتہ چلا ہے کہ کاشف اپنےغریب اورمعذوروالدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ جواس حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔
میت پوسٹ مارٹم کے لئے کنداپورسرکاری اسپتال منتقل کی گئی ہے۔ ضروری کاروائیوں کے بعد گھروالوں کے حوالے کی جائے گی۔