یلاپور کانگریس میں شیورام کی واپسی سے قبل پڑ گئی پھوٹ
یلاپور ،30 / مارچ (ایس او نیوز) یلاپور کے رکن اسمبلی شیوا رام ہیبار بی جے پی سے نکل کر دوبارہ کانگریس میں واپس لوٹنے اور اسے یلاپور کانگریس کے لئے بہت بڑے فائدے سے تعبیر کرنے کی باتیں جہاں زور پکڑتی جا رہی ہیں وہا٘ں خود یلاپور کانگریس یونٹ اب دو دھڑوں میں بٹ گئی ہے اور اس کے اندرونی اختلافات کھل کر میڈیا کے سامنے آ گئے ہیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ دو دن قبل ایک طرف بلاک کانگریس کے دفتر میں انتخابی تیاریوں سے متعلق جائزاتی میٹنگ منعقد کی گئی تھی اسی وقت بلاک کانگریس کے سابق صدر ڈی این گاونکر کے گھر پر کانگریسی کارکنان اور لیڈروں کی دوسری میٹنگ چل رہی تھی ۔
گزشتہ اسمبلی الیکشن کے موقع پر وی ایس پاٹل نے بی جے پی کو چھوڑ کر کانگریس کی ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا اور بہت کم ووٹوں سے انہیں شکست کا منھ دیکھنا پڑا تھا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ وی ایس پاٹل کا گروپ اس کے لئے کانگریس کے بعض لیڈروں کو ذمہ دار مانتا ہے ۔ اس لئے وی ایس پاٹل نے اپنے قریبی شناسا این کے بھٹ کو بلاک کانگریس کا صدر منتخب کروانے میں کامیابی حاصل کی ۔ اس سے یلاپور کانگریس بلاک میں اختلافات پیدا ہوگئے کہ مقامی پارٹی لیڈروں سے مشورہ کیے بغیر وی ایس پاٹل نے اچانک بلاک صدر بدلنے اور کے این بھٹ کو بلاک صدر بنانے کا فیصلہ اپنے طور پر کیا ۔
کانگریسی کارکنان کا الزام یہ بھی ہے کہ وی ایس پاٹل اور کے این بھٹ تعمیراتی کام کے ٹھیکے بی جے پی کارکنان کو دے رہے ہیں ۔ انہیں وجوہات کی بنا پر یلاپور بلاک کانگریس میں سخت اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور گروپ بندی بہت ہی زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ سابق بلاک صدر گاونکر کا گروپ چاہتا ہے کہ وی ایس پاٹل اور کے این بھٹ کو دور رکھا جائے اور از سر نو بلاک صدر مقرر کرتے ہوئے یہ ذمہ داری انیل نائک کو دی جائے ۔
ظاہر بات ہے کہ یلاپور کانگریس میں پھوٹ کی یہ صورت حال پارلیمانی امیدوار انجلی نمبالکر کے لئے انتہائی نقصان دہ ہو سکتی ہے ۔