ہوناور میں کرایے کے گھر سے پولیس کے ہاتھ لگی کمٹہ کے سمندر میں غرقاب ہونے والی خاتون !
کمٹہ 29 / نومبر (ایس او نیوز) تین چار دن قبل اپنے دو بچوں کو کمٹہ کے پک اپ بس اسٹینڈ پر چھوڑ کر ہیڈ بندر کے پاس سمندر میں چھلانگ لگانے کا ناٹک رچنے والی نویدیتا بھنڈاری نامی خاتون ہوناور کے ایک کرائے کے گھر میں پولیس کے ہاتھ لگی ہے۔
اس سے قبل یہ خبرعام ہوئی تھی کہ نویدیتا ناگ راج بھنڈاری نامی خاتون نے اپنے دو بچوں کو پک اپ بس اسٹینڈ پر چھوڑنے کے بعد ہیڈ بندر کے پاس اپنی اسکوٹی پارک کی تھی ۔ پھر اپنا موبائل فون، منگل سوتر اور انگوٹھی اسکوٹی میں ہی رکھنے کے بعد سمندر میں چھلانگ لگائی تھی جس کے بعد وہ پانی میں لاپتہ ہوگئی ۔ لائف گارڈ اور پولیس کی جانب سے ڈھونڈنے تلاشی مہم کے باوجود اس کی لاش بازیافت نہیں ہوئی تھی ۔
پولیس نے نویدیتا کے تعلق سے مزید چھان بین کی تو شک ہوا کہ شائد اس کے تعلقات کسی اور شخص کے ساتھ ہیں اور اس نے اپنی خود کشی کا ڈرامہ رچا ہے ۔ اس سمت میں تفتیش کرتے ہوئے پولیس ہوناور میں ایک کرایے کے مکان تک پہنچ گئی جہاں نویدیتا زندہ موجود تھی ۔
معلوم ہوا ہے کہ ایک آٹو رکشہ ڈرائیور راج لوکیش نائک کے ساتھ نویدیتا ناگ راج بھنڈاری کے ناجائز تعلقات تھے اس لئے اس نے آٹو ڈرائیور کے ساتھ فرار ہونے کا منصوبہ بنایا اور اس منصوبے کے تحت اس نے بچوں کو بس اسٹینڈ پر کھڑا کرنے کے بعد موبائل، منگل سوتر اور انگوٹھی سمیت اپنی اسکوٹی سمندر کنارے چھوڑ دی اور سمندر میں اپنا دو پٹہ پھینک دیا ۔ سمندر کے کنارے کھڑی اسکوٹی اور پانی میں تیرتے ہوئے دو پٹے کو دیکھ کر لوگوں نے یقین کر لیا کہ نویدیتا نے خود کشی کی ہے اور سمندر کی موجوں میں اس کی لاش لا پتہ ہوگئی ہے ۔ جبکہ نویدیتا اصل منصوبے کے مطابق ہیڈ بندر پر پہلے سے موجود لوکیش کے نائک کے آٹو میں بیٹھ کر اس کے ساتھ ہوناور چلی گئی تھی جہاں ایک کرایے کے مکان میں اس کے رہنے کا انتظام کیا گیا تھا ۔
کمٹہ پولیس تھانے میں درج معاملے کی تحقیقات کے دوران پی ایس آئی نوین کی ٹیم بالآخر نویدیتا کو زندہ بازیافت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔