خاتون نے پرجول اور ریونّا پر لگایا جنسی ہراسانی کا الزام
بنگلورو،13/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک میں ایک خاتون نے جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے معطل لیڈر پرجول ریونّا اور ان کے والد ایچ ڈی ریونّا کے خلاف جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات لگائے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نامعلوم خاتون نے دعویٰ کیا کہ ہاسن کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا نے چار سے پانچ سال قبل بنگلورو میں اپنی رہائش گاہ پر اس کی ماں کی عصمت دری کی تھی۔
انہوں نے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کو واقعات کی تفصیل دی ہے۔ مزید برآں اس نے دعویٰ کیا کہ اسے 2020 اور 2021 میں ویڈیو کالز کے دوران کپڑے اتارنے پر مجبور کیا گیا تھا۔
خاتون نے کہا، "وہ مجھے فون کرتا تھا اورکپڑے اتارنے کو کہتا تھا۔ وہ میری ماں کے موبائل پر فون کرتا تھا اور مجھے ویڈیو کالز کا جواب دینے کے لئے مجبور کرتا تھا۔ جب میں نے انکار کردیا تو اس نے مجھے اور میری ماں کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی۔
خاتون نے دعویٰ کیا کہ واقعات کے بارے میں معلوم ہونے پر اس کے خاندان نے اس کی حمایت کی جس کے بعد اس نے باقاعدہ شکایت درج کرائی۔
اس نے پرجول اور ایچ ڈی ریونا پر اپنی ماں کی عصمت دری اور جنسی زیادتی کا الزام لگایا اور کہا کہ ایم پی نے ڈرانے دھمکانے کے حربے اپنائے اور ان کے والد کے روزگار کو خطرے میں ڈالنے اور تشدد کرنے کی دھمکی دی۔ اس نے ریونا نیواس میں ملازم خواتین گھریلو ملازمین کو نشانہ بنانے کرمبینہ ہراساں کیے جانے کے واقعات کا بھی انکشاف کیا۔
ایم پی پرجول اور ان کے والد جنسی استحصال اور غیر قانونی ریکارڈنگ سے متعلق کئی الزامات میں پھنسے ہوئے ہیں۔
کانگریس کی قیادت والی حکومت نے معاملے کی ایس آئی ٹی جانچ شروع کر دی ہے۔ آج تک، تین ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، جن میں عصمت دری سے لے کر اغوا تک کے الزامات ہیں۔
قابل اعتراض ویڈیو کی گردش کے بعد پرجول مبینہ طور پر 27 اپریل کو ملک سے فرار ہوگیا۔ دریں اثنا، کرناٹک کے سابق وزیر ایچ ڈی ریونا کو 14 مئی تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔