بھٹکل میں تنظیم کے زیراہتمام 30 اور 31 مارچ کو ہونے والا ووٹر آئی ڈی کیمپ منسوخ؛ تحصیلدار کی طرف سے نہیں ملی اجازت
بھٹکل 29/ مارچ (ایس او نیوز) انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے تحصیلدار کی طرف سے اجازت نہ د ئے جانے کی وجہ سے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے کل30 مارچ اور پرسو 31 مارچ کو منعقدہ دو روزہ ووٹر آئی ڈی کیمپ کینسل کردیا گیا ہے۔
تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بتایا کہ تحصیلدار نے تحریری طور پربتایا ہے کہ پورے ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہے، جس کی وجہ سے کسی بھی ادارے کو کسی بھی طرح کا عوامی پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عبدالرقیب نے بتایا کہ تحصیلدار کی طرف سے اجازت نہ دئے جانے کی وجہ سے اس کیمپ کو منسوخ کیا گیا ہے۔
عبدالرقیب ندوی نے بتایا کہ بھلے ہی تنظیم کی طرف سے کیمپ کو منسوخ کیا گیا ہے لیکن تمام پولنگ بوتھوں پر سرکارکی طرف سے بی ایل او(بلاک لیول آفسر) نامزد کئے گئے ہیں، جہاں پہنچ کر بھی ووٹرلسٹ میں نئے نام درج کرائے جاسکتے ہیں، اور ووٹر آئی ڈی بنوائے جاسکتے ہیں، اسی طرح Voter Helpline نامی موبائل ایپ کے ذریعے بھی عوام اپنے موبائل کے ذریعے نئے نام ووٹر لسٹ میں درج کرسکتے ہیں، الیکشن کمیشن کے ویب سائٹ https://voters.eci.gov.in کے ذریعے بھی نام درج کرائے جاسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ 9 اپریل سے پہلے پہلے نام ووٹر لسٹ میں درج کرائے جانے کی صورت میں بھٹکل سمیت اُترکنڑا میں 7/ مئی کو منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹرس ووٹنگ میں شریک ہوسکتے ہیں۔ اگرکسی پولنگ بوتھ پر افسر موجود نہ ہوتو بھٹکل تحصیلدار یا پھر تنظیم دفتر سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ تنظیم جنرل سکریٹری نے بتایا کہ اس تعلق سے تنظیم دفتر میں عوام کی مکمل رہنمائی کی جائے گی۔