اتر کنڑا میں نیشنل ہائی وے پر حادثے میں موت ہونے پر افسران کے خلاف درج ہوگا مقدمہ - نومنتخب رکن پارلیمان کاگیری نے دی وارننگ

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 14th June 2024, 8:40 PM | ساحلی خبریں |

کاروار 14 / جون (ایس او نیوز) نو منتخب رکن پارلیمان وشویشورا ہیگڑے کاگیری نے محکمہ جاتی افسران کے ساتھ منعقدہ اپنی پہلی میٹنگ میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ضلع اتر کنڑا میں غیر سائنٹیفک انداز میں کیے گئے نیشنل ہائی وے کے تعمیراتی کام کی وجہ سے حادثہ رونما ہوتا ہے اور اس میں عام لوگوں کی جان چلی جاتی ہے تو نیشنل ہائی وے کے افسران کو اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ 

 رکن پارلیمان وشویشورا ہیگڑے کاگیری نے ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقدہ مرکزی حکومت کے مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران کی میٹنگ میں کہا کہ نیشنل ہائی وے کا کام شروع ہو کر اتنے سال گزر گئے مگر ابھی تک اس کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ ابھی بھی محکمہ پولیس کی طرف سے نشان دہی کیے گئے 'حادثات کے خطرات والے مقامات پر عوام کو چوکنا کرنے والے بورڈ نصب کرنے یا تعمیری کام مکمل کرنے کی طرف توجہ نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو جانی نقصان بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ایسی صورت میں نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے افسران کے خلاف معاملات درج کیے جائیں۔

 ضلع ایس پی وشنو وردھن نے رکن پارلیمان بتایا کہ فی الحال ہائی وے افسران کو وارننگ دی گئی ہے اب اس کے آگے ان کے خلاف مقدمے درج کیے جائیں گے۔

 رکن پارلیمان وشویشورا ہیگڈے کاگیری نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے جو افسران ضلع انتظامیہ کی بات کو خاطر میں نہیں لاتے ان کے خلاف ہائی وے کا وزیر کے پاس شکایت بھیجی جائے۔ جو افسران اچھا کام کر رہے ہیں ان کا ساتھ دیا جائے گا لیکن ضلع کے عوام کے مفادات کو نظر انداز کرنے والے افسران کے خلاف کٹھن کارروائی کی جائے گی۔ 

 انہوں نے کہا کہ سی برڈ بحری اڈے اور کونکن ریلوے کے منصوبوں سے متاثر ہونے والے ضلع کے عوام کو تمام ضروری سہولتیں پوری طرح فراہم کرنا چاہیے۔ اس سے متعلقہ مسائل کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ رابطے کے لئے ایک نوڈل افسر تعینات کیا جائے۔ انہوں نے لیڈ بینک کے افسران کو ہدایت دی کہ مرکزی حکومت کی اسکیموں سے تعلق رکھنے والے معاملات میں عوام کو ضروری قرضہ فراہم کرنے میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ضلع ڈپٹی کمشنر سے کہا مرکزی حکومت کے جتنے منصوبے نا مکمل ہیں اور جن نئے منصوبوں کی تجویز مرکزی حکومت کےسامنے رکھنی ہے ان کی تفصیلات انہیں فراہم کی جائیں۔ ان مسائل سے متعلقہ وزیروں کے ساتھ بات چیت کرکے انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ 

 وشویشورا ہیگڑے کاگیری نے کہا کہ ضلع کے عوام نے مجھ پر بہت زیادہ اعتماد کرتے ہوئے مجھے یہاں سے رکن پارلیمان منتخب کیا ہے۔ میں ان کی توقعات کے مطابق کام کروں گا اور اس معاملے میں مجھے افسران کی طرف سے پورا تعاون ملنا چاہیے۔ 

 میٹنگ میں ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر، ضلع پنچایت سی ای او ایشور کمار کانڈو، ایڈیشنل ڈی سی پرکاش راجپوت کے علاوہ سی برڈ، کوسٹ گارڈ، بی ایس این ایل، نیشنل ہائی وے، محکمہ ڈاک سمیت مرکزی محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل: رابطہ کی جانب سے خواتین کے لئے سلائی اور ایمبرائیڈری کلاسس کے نئے داخلے شروع، یکم نومبر سے ہوں گے کلاسس

خواتین کو خود مختار بنانے اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے رابطہ سوسائٹی نے ایک بار پھر سلائی اور ایمبرائیڈری کی تربیتی کلاسس کا اعلان کیا ہے۔ یکم نومبر سے شروع ہونے والے اس تربیتی پروگرام کا یہ تیسرا بیچ ہوگا، جبکہ داخلے  شروع ہو چکے ہیں۔

منگلورو کے قریب سورتکل میں اسکوٹر اور لاری کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کی موت

لاری اور بائک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ، حادثہ  سورتکل میں سورج انٹرنیشنل ہوٹل کے قریب نیشنل ہائی وے پر منگل رات کو پیش آیا۔ متوفی کی شناخت روی کی حیثیت سے کی گئی ہے، جو مُکّا کا رہائشی تھا اور ایک  بینک  میں ملازمت کرتا تھا۔

بھٹکل: سرور  میں خرابی  کی وجہ سے عوام کو  راشن حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا

بھٹکل کے اکثر عوام محکمہ خوراک اور شہری سپلائیز کی طرف سے دئیے جانے والے راشن نہ ملنے سے سخت پریشان ہیں اور راشن دکانوں میں جاری سرور میں باربار خرابی کی وجہ سے اپنا ماہانہ راشن حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اُڈپی: معمولی بات کو لے کر دوست نے دوست کا گلا کاٹ دیا

ایک حیران کن واقعے میں، ایک آدمی نے معمولی تنازعہ کے باعث اپنے دوست کا گلا کاٹ کر بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ منگل کی صبح 22 اکتوبر کو اُڈپی میں پرانی  کے ایس آر ٹی سی  بس اسٹینڈ کے قریب کرشنا کریپا عمارت کے گراؤنڈ فلور کے کمرے میں پیش آیا۔

بھٹکل: مویشی چوری کے الزام میں تین گرفتار؛ کیا چوری شدہ جانوروں کا گوشت فروخت ہو رہا ہے؟

حال ہی میں جالی پٹن پنچایت حدود میں مویشی کی چوری کا جو واقعہ پیش آیا تھا اور جانور کو  کار میں لاد کر لے جانے کی جو وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، اُس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے  بھٹکل ٹاؤن پولس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔