کرناٹک کے داونگیرے میں نجی لمحات کی وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دو طالب علموں نے کی خود کشی
داونگیرے ، 31 / جولائی (ایس او نیوز) شہر کے ایک پرائیویٹ کالج میں زیر تعلیم دو طالب علموں نے اُس وقت خود کشی کر لی جب ان کے نجی لمحات کی ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کالج کے ٹیریس پر ایک لڑکا اور لڑکی جب قربت کے کچھ لمحے گزارنے میں مصروف تھے تو ان کی بے خبری میں کسی اجنبی شخص نے اس کی ویڈیو کلپ بنائی اور پھر اسے سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا ۔ اس بات کی خبر دونوں طالب علموں کے گھر والوں کو بھی ہوگئی ۔
بدلتی ہوئی صورتحال سے ذہنی صدمہ کا شکار ہوئی لڑکی نے جمعہ کی رات میں اپنے گھر پر خود کشی کرلی جبکہ لڑکی کی موت کا پتہ چلنے کے بعد لڑکے نے سنیچر کے دن آدھی رات کو اپنے گھر پر خود کشی کرلی ۔
پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر لیا ہے اور ویڈیو کلپ بنانے اور اسے سوشیل میڈیا پر عام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ اس کے علاوہ لڑکی اور لڑکے کے گھر والوں نے بھی اپنے طور پر الگ الگ شکایتیں درج کروائی ہیں ۔
داونگیرے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ارون نے میڈیا کو بتایا کہ ویڈیو کلپ بنانے اور پھیلانے کے قصورواروں کو جلد ہی گرفتار کیا جائے گا ۔