کمٹہ میں سفر کے دوران گلے سے ہار اُڑانے والی دو برقعہ پوش خواتین گرفتار
کُمٹہ 22 / فروری (ایس او نیوز) ہوناور سے بس میں سفر کے دوران گلے سے سونے کا منگل سوتر اڑانے والی دو برقعہ پوش خواتین کو کمٹہ میں گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناخت تملناڈو کی رہنے والی سندھیا سنجئے (40 سال) اور راساتی مروگے (24 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ کچھ دن پہلے کمٹہ کے کڈٰلے گرام کی رہنے والی وملا (72 سال) نامی عمر رسیدہ خاتون جب منگلورو - لکشمیشور جانے والی بس میں ہوناور سے سوار ہوئیں تو دو برقعہ پوش خواتین نے انہیں اپنے ساتھ سیٹ پر دونوں کے درمیان بیٹھنے کے لئے جگہ بنائی ۔ اس دوران بڑی چالاکی سے ان دونوں خواتین نے وملا کے گلے سے منگل سوتر اُڑا لیا اور اسے ذرا بھی خبر نہیں ہوئی ۔
اس تعلق سے وملا نے کمٹہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تو پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کی اور کمٹہ بس اسٹینڈ اور دیگر مقامات پر مشتبہ افراد پر نظر رکھنا شروع کیا ۔ اس دوران کمٹہ بس اسٹینڈ پر چوکسی برتنے والی پولیس کو ان دو خواتین کی چال ڈھال پر شبہ ہوا تو انہیں تفتیش کے لئے پولیس اسٹیشن لایا گیا ، جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ۔
پولیس کو تفتیش کے دوران پتہ چلا ہے کہ یہ دو چور خواتین صرف کمٹہ پولیس تھانے کے حدود میں ہی نہیں بلکہ ہوناور اور بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن کے حدود میں بھی جرائم انجام دیتی رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ ان کے فنگر پرنٹس کی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ ہاسن، منگلورو ساوتھ پولیس اسٹیشن میں انجام دئے گئے جرائم میں بھی یہ خواتین ملوث ہیں ۔ ان کے خلاف درج دو معاملے ابھی زیر سماعت ہیں ۔
کمٹہ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر سمپت ای سی نے گرفتار کی گئی ان چور خواتین کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں کاروار جیل میں بھیج دیا گیا ۔