لکھنو 24 فروری (ایس او نیوز) اُترپردیش کے کاس گنج میں ٹریکٹر ٹرالی تالاب میں الٹنے کے نتیجے میں ٹرالی میں سوار54 تالاب میں گر گئے تھے جسمیں سے اب تک 24 لوگوں کی موت واقع ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ بچائے گئے دیگرلوگوں میں کئی لوگوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ ترخواتین اوربچے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ سنیچر کو یہ سبھی لوگ گنگا ندی میں نہانے جا رہے تھے، پتہ چلا ہے کہ صبح قریب گیارہ بجے دریاگنج کے نزدیک ہائی وے پر ٹریکٹر کی کپلنگ ٹوٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں ٹریکٹر اور ٹرالی بے قابو ہوکر تالاب میں جاگری۔ جس کے بعد موقع پر چینخ پکار مچ گئی۔
اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کاس گنج کی ایس پی اپرنا رجت کوشک نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولس جائے وقوع پرپہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے تالاب میں گرے لوگوں کو باہر نکال کر قریبی اسپتال میں بھرتی کرایا۔ واقعے کے فوری بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس پی نے 15 لوگوں کے مرنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال میں بہتر علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
کاس گنج ضلع کے پٹیالی علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا۔حادثے کے فوری بعد آس پاس کے دیہاتوں کا ایک بہت بڑا ہجوم جمع ہو گیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر54 افراد سوار تھے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے غیر متوازن ہو گئی۔
بعض میڈیا رپورٹوں کے مطابق خبر لکھے جانے تک مزید نعشیں تالاب میں ہونے کے امکانات کے پیش نظر غوطہ خوروں کی مدد سے تلاشی مہم چلائی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا ہے، زیادہ ترمرنے والوں کا تعلق کاس گنج سے ہے۔