مینگلور: سعودی عربیہ میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں جنوبی کینرا کے 3 نوجوانوں سمیت چار لوگوں کی موت

مینگلور 4 / فروری (ایس او نیوز) سعودی عربیہ کے الحاسہ شہر کے قریب خُریس نیشنل ہائی وے پر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں جنوبی کینرا سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوانوں سمیت جملہ چار لوگوں کی موت واقع ہوگئی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ حادثہ جمعہ کی شب کو پیش آیا۔
فوت ہونے والے افراد کی شناخت مینگلور کے قریب ہلے انگڈی کے رہنے والے رضوان ، منگلورو بولار کے رہنےوالے عقیل اور کرشنا پور کے رہنے والے شہاب کے طور پر کی گئی ہے جبکہ کار میں موجود بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ناصر کی بھی اس حادثہ میں موت واقع ہوگئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چاروں لوگ رات کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے لئے ریاض سے خُریس جارہے تھے کہ اچانک ایک اونٹ سڑک کے درمیان آگیا اور کار سیدھے اونٹ سے ٹکراگئی۔ ٹکر لگتے ہی کار کے پرخچے اُڑ گئے اور چاروں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
معلوم ہوا ہے کہ چاروں کی نعشوں کو الحاسہ اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے ۔ سعودی عربیہ میں موجود مینگلور کے ذمہ داران کاغذی کاروائیوں کو مکمل کرکے میت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پتہ چلا ہے کہ تینوں کی میتوں کو اُن کے آبائی گاوں لانے کے لئے کاروائیاں جاری ہیں۔