راجیو گاندھی قتل معاملہ کے مجرم سنتھان کی دورۂ قلب سے موت، راجیو گاندھی جنرل اسپتال میں لی آخری سانس
نئی دہلی ، 28/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) راجیو گاندھی قتل معاملے میں مجرم قرار دیے گئے ٹی ستھیندر راجہ عرف سنتھان کا بدھ کے روز ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طبیعت کی ناسازی کے سبب اسے تمل ناڈو کے چنئی واقع راجیو گاندھی جنرل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال کے ڈین ای تھیرانی راجن کا کہنا ہے کہ سنتھان کا یہاں لیور فیل ہونے کے بعد علاج چل رہا تھا، لیکن آج صبح 7.50 بجے اس کی موت ہو گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ صبح تقریباً چار بجے اسے دورۂ قلب پڑا تھا، حالانکہ سی پی آر کے ذریعہ اسے بچا لیا گیا۔ اسے وینٹی لیٹر پر آکسیجن سپلائی میں رکھا گیا تھا۔ پھر اس کا جسم علاج کا کوئی اثر ظاہر نہیں کر رہا تھا۔ افسران کا کہنا ہے کہ سنتھان کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا اور اس کے بعد اس کی لاش کو سری لنکا بھیجا جائے گا۔
واضح رہے کہ سزا کاٹنے کے بعد سپریم کورٹ نے سنتھان کی رِہائی کا حکم صادر کیا تھا۔ حالانکہ سری لنکا جلاوطنی کے لیے اسے دیگر رِہا مجرموں کے ساتھ تریچی اسپیشل کیمپ میں رکھا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے ہی وزارت خارجہ کے تحت آنے والے فارنرس ریجنل رجسٹریشن آفیسر (ایف آر آر او) نے 56 سالہ سنتھان کے سری لنکا جلاوطنی کے لیے ایمرجنسی سفری دستاویزوں کو منظوری دی تھی۔ اس سے قبل نومبر میں ایم ٹی سنتھان نے بھی تریچی اسپیشل کیمپ سے رِہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ سنتھان کا الزام تھا کہ اسپیشل کیمپ کے کمرے میں کھڑکی بھی بند ہے اور انھیں دیگر لوگوں سے ملنے کی بھی آزادی نہیں ہے۔ سنتھان نے مزید کہا تھا کہ اس اسپیشل کیمپ کے مقابلے ان کے لیے جیل کی زندگی زیادہ مناسب تھی۔