بھٹکل پولیس گراونڈ میں راستے پر لگے بیریکیڈس - اسسٹنٹ کمشنر نے دیا 'جوں کی توں حالت' برقرار رکھنے کا حکم

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 14th June 2024, 8:23 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 14 / جون (ایس او نیوز) پولیس میدان سے گزرنے والے عام پیدل راستے پر پولیس کی طرف سے لگائی گئی رکاوٹوں کے سلسلے میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نئینا نے اس زمین کا سروے مکمل ہونے تک 'جوں کی توں حالت' برقرار رکھنے کے احکام جاری کیے ہیں۔ 

اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں اس مسئلے پر بات چیت کے لئے منعقدہ میٹنگ میں جالی پٹن پنچایت کے رکن رمیش نائک نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا :" گزشتہ چالیس سال سے اسی راستے پر عام لوگوں کا آنا جانا رہا ہے۔ اب اچانک اس راستے کو بند کر دینا قابل مذمت ہے۔ اس علاقے میں ایمبولینس سمیت چھوٹی بڑی گاڑیوں کے گزرنے کا یہ واحد راستہ ہے جسے پولیس والوں نے بند کر دیا ہے۔ یہ ایک غلط اقدام ہے۔ ڈی پی کالونی، ہورلیسال اور کڈوین کٹَے گرام میں رہنے والے عام لوگوں کے علاوہ اسکولی بچوں کو آنے جانے میں اس راستے کی وجہ سے آسانی ہوتی ہے۔ اس لئے اس تنازعہ کا حل نکلنے تک وہاں سے بیریکیڈس ہٹا دئے جائیں۔"

 اس مطالبے کو قبول نہ کرتے ہوئے اے سی ڈاکٹر نئینا نے کہا کہ "پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ ان کی جگہ ہے ۔ پولیس کوارٹرس کی تعمیر کے لئے محکمہ جنگلات کی طرف سے پانچ ایکڑ جگہ منظور بھی کی گئی ہے۔ اس معاملے پر فوری فیصلہ کرنا ممکن نہیں ہے ۔ اس لئے اس جگہ کا سروے کروانے اور اس کی ملکیت طے ہو جانے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ اُس وقت تک 'جوں کی توں حالت' برقرار رکھنا ہوگا۔"

 اے سی کی اس بات سے اتفاق نہ کرتے ہوئے جالی پٹن پنچایت رکن شاہینہ شیخ اور اس علاقے کے لیڈر ناگراج نائک، ناگیندرا نائک وغیرہ نے کہا کہ "عوام کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے پولیس کے دباو میں اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے ایسی بات کہنا صحیح نہیں ہے۔ ہم لوگ اس جگہ پر کوئی نیا راستہ نہیں مانگ رہے ہیں۔ بلکہ ایک زمانے سے آمد و رفت کے لئے استعمال کیے جا رہے راستے کو بند نہ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اگر محکمہ پولیس اور محکمہ مالگزاری اس پر راضی نہیں ہوتے تو پھر ہمارے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔"

 اس میٹنگ میں بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش، بھٹکل آر ایف او شرت شیٹی، جالی پٹن پنچایت چیف آفیسر منجپّا موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل: رابطہ کی جانب سے خواتین کے لئے سلائی اور ایمبرائیڈری کلاسس کے نئے داخلے شروع، یکم نومبر سے ہوں گے کلاسس

خواتین کو خود مختار بنانے اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے رابطہ سوسائٹی نے ایک بار پھر سلائی اور ایمبرائیڈری کی تربیتی کلاسس کا اعلان کیا ہے۔ یکم نومبر سے شروع ہونے والے اس تربیتی پروگرام کا یہ تیسرا بیچ ہوگا، جبکہ داخلے  شروع ہو چکے ہیں۔

منگلورو کے قریب سورتکل میں اسکوٹر اور لاری کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کی موت

لاری اور بائک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ، حادثہ  سورتکل میں سورج انٹرنیشنل ہوٹل کے قریب نیشنل ہائی وے پر منگل رات کو پیش آیا۔ متوفی کی شناخت روی کی حیثیت سے کی گئی ہے، جو مُکّا کا رہائشی تھا اور ایک  بینک  میں ملازمت کرتا تھا۔

بھٹکل: سرور  میں خرابی  کی وجہ سے عوام کو  راشن حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا

بھٹکل کے اکثر عوام محکمہ خوراک اور شہری سپلائیز کی طرف سے دئیے جانے والے راشن نہ ملنے سے سخت پریشان ہیں اور راشن دکانوں میں جاری سرور میں باربار خرابی کی وجہ سے اپنا ماہانہ راشن حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اُڈپی: معمولی بات کو لے کر دوست نے دوست کا گلا کاٹ دیا

ایک حیران کن واقعے میں، ایک آدمی نے معمولی تنازعہ کے باعث اپنے دوست کا گلا کاٹ کر بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ منگل کی صبح 22 اکتوبر کو اُڈپی میں پرانی  کے ایس آر ٹی سی  بس اسٹینڈ کے قریب کرشنا کریپا عمارت کے گراؤنڈ فلور کے کمرے میں پیش آیا۔

بھٹکل: مویشی چوری کے الزام میں تین گرفتار؛ کیا چوری شدہ جانوروں کا گوشت فروخت ہو رہا ہے؟

حال ہی میں جالی پٹن پنچایت حدود میں مویشی کی چوری کا جو واقعہ پیش آیا تھا اور جانور کو  کار میں لاد کر لے جانے کی جو وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، اُس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے  بھٹکل ٹاؤن پولس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔