منگلورو میں 'جاگو کرناٹکا' کا اجلاس - پرکاش راج نے کہا : اقلیتوں کا تحفظ اکثریت کی ذمہ داری ہے
منگلورو ،27 / مارچ (ایس او نیوز) 'جاگو کرناٹکا' نامی تنظیم کے بینر تلے مختلف عوام دوست اداروں کا ایک اجلاس شہر کے بالمٹا میں منعقد ہوا جس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مشہور فلم ایکٹر پرکاش راج نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا اکثریت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندرا مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے ملک میں مہا پربھو نے 'تم چندہ دے دو، میں دھندا دیتا ہوں' جیسی پالیسی اپنائی ہے ۔ اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ای ڈی کے ذریعے سزا دی جاتی ہے ۔ اس کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ آنے والے دنوں میں کیا حالت ہونے والی اس کے بارے میں کچھ کہا نہیں جا سکتا ۔
پرکاش راج نے کہا کہ مجھے ای ڈی کے چھاپے سے ڈرانے کی کوشش کی گئی ۔ میں ان سب چیزوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں ۔ میری سچائی اور حق پرستی پر سوال اٹھانا ممکن ہی نہیں ہے ۔ میں نے کبھی اپنا سر جھکانے لائق کام کیا ہی نہیں ہے ۔ میں کسی بھی پارٹی کا کارکن نہیں ہوں ۔ صرف عوام کی حمایت میں کھڑا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ 'جاگو کرناٹکا' تنظیم نے گزشتہ الیکشن کے موقع پر اُس وقت کی بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو اجاگر کرنے میں کامیاب ہوئی تھی اور وہ حکومت اقتدار سے ہاتھ دھو بیٹھی تھی ۔
'جاگو کرناٹکا' کے ریاستی لیڈر کے ایل اشوک نے کہا کہ پارلیمانی الیکشن کے لئے ابھی 30 دن باقی ہیں ۔ یہ ایک جنگ ہے ۔ اس جنگ عظیم کو جیتنے کی امید کے ساتھ ہم لوگ جلسے منعقد کر رہے ہیں ۔ آنے والے الیکشن میں اتر پردیش ، راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش میں بی جے پی جیت سکتی ہے ۔ لیکن بقیہ ریاستوں میں ان کے لئے مشکل ہوگی ۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ بہار، مہا راشٹرا، مغربی بنگال، کرناٹکا میں ہم کس طرح انہیں روکنے میں تعاون کر سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سروے کے مطابق کرناٹکا میں 17 سیٹوں پر کانگریس کو جیت مل سکتی ہے ۔ دکشن کنڑا میں سخت مقابلہ ہوگا ۔ اس حلقے میں کانگریسی امیدوار کی جیت کے لئے محنت کرنی ہوگی ۔ شیموگہ میں بھی بڑی تبدیلی ہونے والی ہے ۔
'جاگو کرناٹکا' تنظیم کے تعلق سے آشیرواد ٹریننگ سینٹر کے ڈائریکٹر فادر ارون لوئیس نے کہا کہ اس تنظیم کو قائم ہوئے 14 مہینے گزرے ہیں ۔ ابتدا میں 30 اداروں کو اکٹھا کرکے سوچ بچار کیا گیا تھا ۔ کرناٹکا میں اس کا اچھا نتیجہ نکلا ۔ اڈپی میں سمپوزیم کے وقت 17 ہزار افراد جمع ہوئے تھے ۔ اس سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ۔ کرناٹکا سے بی جے پی کو نکال باہر کرنے کے مقصد سے ہم نے قدم بڑھائے تھے ۔ تبدیلی کے لئے ہم نے 103 حلقوں کو نشانہ بنایا تھا اس میں سے 73 حلقوں میں ہمیں کامیابی ملی ۔ جس میں 69 کانگریسی اور 4 جے ڈی ایس امیدوار تھے ۔ آنے والے الیکشن کے لئے بھی ہم نے گزشتہ 8 مہینوں سے تیاریاں شروع کی ہیں ۔
اس موقع پر بولتے ہوئے یاسین شیرور نے کہا کہ 'جاگو کرناٹکا' کوئی سیاسی تنظیم یا کسی بھی سیاسی تنظیم کی ترجمانی کرنے والا ادارہ نہیں ہے ۔ یہ ایک عوام دوست ادارہ ہے ۔ مشہور دانشور لولاکشھ، سیاسی لیڈر پی وی موہن، جماعت اسلامی ہند کے ریاستی قائد محمد کنہی وغیرہ نے اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔