روس چاہتا ہے کہ یوکرین جنگ جلد ختم ہو: ولادیمیر پوٹن

Source: S.O. News Service | Published on 24th December 2022, 12:35 PM | عالمی خبریں |

ماسکو، 24؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ماسکو میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "اس تصادم کو ختم کرنا ہمارا ہدف ہے۔ ہم اس کے لیے کوشاں ہے اور کوشش جاری رکھیں گے تاکہ اس کے اختتام کو یقینی بنایا جاسکے اور یہ جتنا جلد ہو اتنا ہی بہتر ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ کییف اور واشنگٹن نے جنگ کو ختم کرنے کی بات پر اپنے کان بند کر رکھے ہیں اور الزام لگایا کہ امریکہ روس کو کمزور کرنے کے لیے یوکرین کو میدان جنگ کے طورپر استعمال کر رہا ہے۔

پوٹن نے زوردیتے ہوئے کہا کہ روس جنگ کو حتی الامکان جلد از جلد ختم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہمارا ہدف اس تصادم کو ختم کرنا ہے اور ہم اس کے لیے کوشش کر رہے ہیں اور ہم اس امر کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ یہ جنگ جتنی جلد ختم ہوجائے اتنا ہی بہتر ہے۔" صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوٹن کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد بار کہا ہے کہ دشمنی کی شدت ہمیشہ نقصانات کا سبب بنتی ہے اور تمام مسلح تنازعات سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعہ ہی ختم ہوتے ہیں۔

پوٹن نے مزید کہا کہ تنازعات کے فریقین کو جلد یا بدیر ساتھ بیٹھ کر افہام و تفہیم سے معاملات طے کرنے پڑتے ہیں۔ اور"(کییف میں) ہمارے مخالفین جتنی جلد یہ بات سمجھ لیں اتنا ہی بہتر ہوگا۔" ماسکو میں دیگر حکام نے بھی حالیہ مہینوں میں بارہا کہتے رہے ہیں کہ انہوں نے یوکرین کے ساتھ بات چیت کو کبھی مسترد نہیں کیا ہے۔

وہ سفارت کاری کو بند کرنے کے لیے یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔ زیلنسکی نے کہا تھا کہ جب تک پوٹن اقتدار میں ہیں اس وقت تک روس سے کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔

یوکرینی صدر زیلنسکی واشنگٹن کے اپنے تاریخی دورے سے کییف واپس لوٹ آئے ہیں۔ واشنگٹن میں انہوں نے امریکی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک روسی جارحیت کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے اور کبھی ہتھیار نہیں ڈالنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے یوکرین کی حمایت اور مدد کے لیے بائیڈن انتظامیہ اور امریکی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اورکییف کی مدد کو عالمی سلامتی میں سرمایہ کاری قرار دیا۔

بدھ کے روز واشنگٹن پہنچنے پر زیلنسکی کا ایک ہیرو کی طرح خیرمقدم کیا گیا۔ بائیڈن انتظامیہ نے یوکرین کو 1.8ارب ڈالر کے فوجی سازوسامان فراہم کرنے کا وعدہ کیا، جس میں پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم شامل ہے۔

پوٹن نے متنبہ کیا کہ اس سے یوکرین تنازع کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا،"جو لوگ ہم سے مقابلہ کر رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ یہ ہتھیار دفاعی استعمال کے لیے ہیں....لیکن اس کا توڑ ہمیشہ موجود رہے گا۔" روسی صدر کا کہنا تھا،"جو لوگ یہ کام کررہے ہیں وہ دراصل کارعبث کر رہے ہیں۔ اس سے صرف اور صرف تنازع کو طول ملے گا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کا پیٹریاٹ دفاعی نظام کافی پرانا ہے۔ اور"ہم یوکرین کو ملنے والے پیٹریاٹ دفاعی نظام کے مقابلے کا راستہ نکال لیں گے۔"

قبل ازیں کریملن نے کہا تھا کہ بائیڈن اور زیلنسکی "روس کے خدشات" پر کان نہیں دھر رہے ہیں۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا، "ڈونباس کے قصبات اور دیہاتوں میں رہائشی عمارتوں پر مسلسل گولہ باری کے خلاف زیلنسکی کی جانب سے تنبیہ کرنے والا ایک لفظ بھی سننے کو نہیں ملا ہے اور نہ ہی امن کے لیے کوئی حقیقی مطالبہ کیا گیا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ روس کے ساتھ بالواسطہ جنگ لڑنے کے لیے یوکرین کو آلہ کار کے طورپر استعمال کر رہا ہے۔"

ایک نظر اس پر بھی

فرانس کی یونیورسٹیوں میں طلباء کا غزہ کی حمایت میں احتجاج، پولیس کی کارروائی

  امریکی یونیورسٹیوں کی طرح فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سوربون یونیورسٹی کے قریب درجنوں طلبہ نے فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ درجنوں افراد نے اس اہم یونیورسٹی کے قریب مظاہرہ میں بڑا فلسطینی پرچم لہرایا اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔

مسالہ تنازعہ: ہانگ کانگ اور سنگاپور کے بعد آسٹریلیا میں بھی جانچ کا فیصلہ، فوڈ ریگولیٹری نے صارفین کو کیا الرٹ

ہندوستان کی مشہور مسالہ کمپنیوں ایم ڈی ایچ اور ایوریسٹ کے لیے مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ ہانگ کانگ اور سنگاپور کے بعد امریکہ میں ان کمپنیوں کے مسالہ کو لے کر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا، اور اب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی فوڈ ریگولیٹری نے اس کی جانچ کا فیصلہ کر ...

بنگلہ دیش کو تاریخ کے شدید ترین ہیٹ ویو کا سامنا

  بنگلہ دیش کو گزشتہ 76 سالہ تاریخ کے ریکارڈ ہیٹ ویو کا سامنا ہے۔ بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یکم اپریل سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو 26 اپریل تک جاری رہی جب کہ بنگلہ دیشی محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی لہر مزید چند دن جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 34356 تک پہنچ گئی

  اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کئے جا رہے حملوں کے دوران جان گنوانے والے افراد کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں مسلط کردہ اسرائیلی جنگ کے باعث اب کی کی ہلاکتوں کی تعداد 34356 بتائی ہے۔

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔