بھٹکل سرکاری اسپتال میں ڈیوٹی ڈاکٹر تاخیر سے پہنچنے پر عوام برہم
بھٹکل یکم ڈسمبر(ایس او نیوز) بھٹکل سرکاری تعلقہ اسپتال میں عوام اس وقت بھڑک اٹھے جب ایک سڑک حادثہ میں زخمی مریض کو اسپتال لایا گیا تو جانچ کے لئےڈیوٹی ڈاکٹر موجود ہی نہیں تھا۔
ڈاکٹر جناردھن موگیر جسے اس وقت بھٹکل سرکاری اسپتال میں ڈیوٹی پر رہنا تھا، کافی تاخیر سے اسپتال پہنچے جس پر عوام نے ڈاکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا۔
بتایا گیا ہے کہ حادثے میں زخمی مریض جن کی حادثے میں ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں وہ اور اس کے ساتھی ڈاکٹر کا انتظار کرتے کرتے تھک گئے تھے، جس کی وجہ سے مریض کے لواحقین اور عوام نے ڈاکٹر کے خلاف شدید ناراضگی ظاہر کی۔
ناراض لوگوں نے بتایا کہ ڈیوٹی ڈاکٹر کی غیر حاضری پر میڈیکل افسر نے جب انہیں کال کرکے جلد حاضر ہونے کی ہدایت دی تو ڈاکٹر موگیر نے ان کی باتوں کو بھی خاطر میں نہیں لایا۔
ناراض لوگوں نے بتایا کہ ڈاکٹر کو ماضی میں بھی متعدد بار ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر حکام کی جانب سے میمو دیا جاچکا ہے مگر اس کے باوجود ڈاکٹر کی اپنی ڈیوٹی کو لے کر غفلت اور لاپرواہی جاری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے متنبہ کرایا کہ ڈاکٹر نے اپنی روش کو نہیں بدلا تو وہ ڈاکٹر موگیر کے خلاف احتجاج پر اتر آئیں گے۔