پرینکا جارکی ہولی سب سے کم عمرکی رکن پارلیمنٹ بنیں
بنگلورو، 6/جون (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے چککوڈ سے کانگریس امیدوار کے طور پر جیت کا پرچم بلند کرنے والی پرینکاجارکی ہولی نے سب سے کم عمرکی رکن پارلیمنٹ بن کر ہندوستانی سیاسی منظر نامے میں ایک تاریخی حصولیابی حاصل کی ہے۔
حال ہی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے 4 جون کے نتائج میں جیت حاصل کرنے والی سب سے کم عمر کی پرینکا (27) پارلیمنٹ کی راہداریوں کی طرف قدم رکھنے والی قبائلی خاتون بن گئی ہیں، ان کی یہ حصولیابی برادری اور صنف دونوں کے لحاظ سے سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔
منگل کو اعلان کردہ لوک سبھا کے نتائج میں، کانگریس امیدوار پرینکا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار انا صاحب جولے پر شاندار جیت حاصل کی۔ محترمہ پرینکا نے مسٹر جولے کو 90,000 سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ کانگریس امیدوار نے کل 7,13,461 ووٹ حاصل کیے، جو اس حلقے میں ان کی وسیع حمایت کا ثبوت ہے۔
محترمہ پرینکا کا سیاسی سفر ان کی خاندانی میراث سے جڑا ہوا ہے۔ وہ کرناٹک کے تعمیرات عامہ کے وزیر ستیش جرکی ہولی کی بیٹی ہیں اور سیاست ان کے خون میں شامل ہے۔
تاہم کانگریس لیڈر پرینکا اپنے بااثر خاندان کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے الیکشن لڑا ہے۔ ان کی جیت نے نہ صرف ان کے خاندان کی سیاسی وراثت کو ایک نئی جہت دی ہے بلکہ مستقبل کی خواتین امیدواروں کے لیے بھی راہ ہموار کی ہے۔
محترمہ پرینکا کا انتخاب نہ صرف ذاتی جیت ہے بلکہ ہندوستانی سیاست میں قبائلی نمائندگی کے لیے ایک اہم حصولیابی ہے۔ وہ کرناٹک میں غیر محفوظ نشست جیتنے والی پہلی قبائلی خاتون ہیں، جنہوں نے اپنی برادری کے لیے نئی زمین تیار کی ہے۔
اس کے علاوہ، وہ کوٹورو ہری ہرپا رنگناتھ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ریزرو کمیونٹی سے جنرل سیٹ جیتنے والی دوسری لیڈر بن گئی ہیں، یہ کارنامہ انہوں نے آخری بار 1984-89 میں انجام دیاتھا۔
انتخاب کے بعد محترمہ پرینکا نے اپنے حلقے کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعلان کیا، ’’میں ان کی توقعات پر پورا اترنے اور حلقے کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کی کوشش کروں گی۔