منگلورو میں وزیر اعظم مودی کا زبردست روڈ شو
منگلورو، 15 / اپریل (ایس او نیوز) پارلیمانی الیکشن میں منگلورو حلقے سے بی جے پی امیدوار کیپٹن برجیش چوٹا اور اڈپی - چکمگلورو حلقوں سے بی جے پی امیدوار کوٹا سرینواس پجاری کے حق میں تشہیری مہم کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی نے منگلورو شہر میں ایک زبردست روڈ شو کیا جس میں بی جے پی کارکنان، لیڈران اور عوام کے ایک جم غفیر نے حصہ لیا ۔
شہر کے لیڈی ہِل علاقے میں نارائن گرو سرکل پر نارائن گرو کی مورتی کی گلپوشی اور آرتی سے شروع ہونے والا یہ روڈ شو نو بھارت سرکل پر اختتام پزیر ہوا ۔ ریلی کے پورے راستے پر دونوں طرف مودی کے جھلک دیکھنے کے لئے لوگوں کا تانتا لگا ہوا تھا جو پرجوش انداز میں بی جے پی کا پرچم لہراتے ہوئے مودی کے حق میں نعرے لگا رہا تھا ۔
روڈ شو کے دوران پارلیمانی الیکشن کے دوونوں امیدوار وزیر اعظم کے ساتھ موجود تھے ۔ نارائن گرو سرکل سے نوبھارت سرکل تک حفاظتی بندوبست بہت ہی زیادہ سخت کر دیا گیا تھا ۔
رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل، ڈسٹرکٹ بی جے پی صدر ستیش کمپالا، منگلورو ساوتھ ایم ایل اے ویدا ویاس کامت ، بیلتنگڈی ایم ایل اے ہریش پونجا، بنٹوال ایم ایل اے راجییش نائک، مولکی موڈبیدری ایم ایل اے اوما ناتھ کوٹیان، سولیا ایم ایل اے بھاگیرتی مورولیا وغیرہ موجود تھے ۔