بھٹکل میں پھر شروع ہوا سیاسی مخالفین پر کیچڑ اچھالنے کا سلسلہ ؛ سُنیل نائک اور ہیگڈے کے خلاف فیس بُک پوسٹ
بھٹکل 11 / فروری (ایس او نیوز) گزشتہ اسمبلی الیکشن کے دوران سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر مخالفین کی طرف سے سیاسی شخصیات پر کیچڑ اچھالنے کا جو سلسلہ چلا تھا، اب پارلیمانی الیکشن کے موسم میں دوبارہ وہی سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
اس مرتبہ بھٹکل ودھان سبھا حلقہ سے کسی قسم کا تعلق نہ رکھنے والے اور بی جے پی سے پارلیمانی ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند اننت مورتی ہیگڈے کا معاملہ سرخیوں میں آیا ہے ۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کچھ دن پہلے اننت مورتی ہیگڈے نے کمٹہ میں ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کے قیام کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے جو پیدل مارچ کیا تھا اس میں بھٹکل کے سابق ایم ایل اے سنیل نائک کے حامیوں کی طرف سے ان کا ساتھ دینے کے لئے رقم وصول کی تھی اور اس کے بعد وعدہ پورا نہیں کیا تھا ۔ اس ضمن میں کس کس کو مبینہ طور پر کتنی رقم دی گئی تھی اس کا اندراج جس ڈائری میں تھا اس کا عکس فیس بک پر لیک ہوگیا ہے ۔
ٹیم سنیل نائک نامی فیس بک پیج پر یہ الزامات اور سنیل نائک کے خلاف بھی چند فقرے پوسٹ ہوئے ہیں ۔ اس فیس بک پیج پر شامل تبصروں کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ پیج سنیل نائک کے مخالفین چلاتے ہیں ۔
اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اننت مورتی نے کہا کہ کچھ لوگوں نے فیس بک پر میرے خلاف غلط بیانی کی ہے اور پیسے دے کر لوگوں کو جمع کرنے اور فرار ہو جانے کی بات کہی گئی ہے ۔ میری کوئی ڈائری نہیں ہے ۔ میں نے رقم دے کر لوگوں کو جمع نہیں کیا تھا اور نہ ہی کسی نے مجھے پیسے دئے تھے ۔ یہ سب کچھ جھوٹ پر مبنی باتیں ہیں ۔ اننت مورتی نے مزید کہا ہے کہ یہ ان کے خلاف کردار کشی کی ایک مہم ہے ۔