اُڈپی میں چار افراد کے قاتل نے بنایا تھا ماسٹر پلان - پولیس تفتیش کے دوران سامنے آئیں تفصیلات

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 18th November 2023, 2:48 PM | ساحلی خبریں | ریاستی خبریں |

اڈپی  18/ نومبر (ایس او نیوز) ایک ماں اور چار بچوں کو چند لمحوں میں بڑی بے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارنے والے وحشی قاتل پروین چوگلے سے کی جا رہی پولیس تفتیش کے دوران  جو تفصیلات سامنے آئی ہیں اس سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ اس نے اس واردات کے لئے پوری تیاری کی تھی اور ایک ماسٹر پلان کے تحت اسے انجام دیا تھا ۔

     معلوم ہوا ہے کہ پوری ریاست کو دہلا دینے والی اس واردات کے ملزم پروین چوگلے نے مہاراشٹرا کے محکمہ پولیس میں چند مہینے خدمات انجام دی تھی ۔ پھر اس کے بعد اس کی تقرری ایئر انڈیا کے 'کریو ممبر' کی حیثیت سے وہ منگلورو میں ملازم ہوگیا ۔ 

    شواہد چھپانے کا منصوبہ :    پولیس ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مجرمانہ ذہنیت والے پروین چوگلے نے اس وحشیانہ قتل کے منصوبے میں اس بات کو سب سے زیادہ اہمیت دی تھی کہ اس کی شناخت اور اس کے خلاف کوئی ثبوت پولیس کے ہاتھ نہ لگے ۔ اسی وجہ سے اس نے قتل کی واردات انجام دینے کے مقصد سے منگلورو سے نیجارو تک پہنچنے اور پھر وہاں سے واپس لوٹنے کا سفر بڑی ہی منصوبہ بندی سے کیا تھا جس میں مرحلہ وار کار، موٹر بائک، بس اور آٹو رکشہ کا استعمال کیا گیا تھا ۔ اسی طرح واردات کے لئے استعمال کیا ہوا  چاقو، کپڑے اور اپنے بیگ کو بھی بڑی احتیاط سے سنبھال کر رکھا تھا ۔

    ٹول گیٹ سے ذرا دور پارک کی تھی کار :     12 نومبر کو بے رحمانہ قتل کی واردات انجام دینے کے لئے پروین چوگلے منگلورو سے اڈپی کے نجارو کی طرف سفر کرنے کے لئے اپنی کار میں گھر سے نکلتا ہے ۔ اس کے منصوبے میں یہ بات شامل ہے کہ منگلورو سے اس کے اُڈپی آنے کا کوئی ثبوت نہ رہے ، جبکہ کار اگر ٹول گیٹ سے گزرتی ہے تو پھر سی سی ٹی فوٹیج اس کے خلاف ایک بڑا ثبوت بن سکتا ہے ۔ اس لئے نیشنل ہائی وے 66 پر اس کے راستے میں ملنے والے ایک ٹول گیٹ یعنی ہیجماڈی ٹول پلازہ سے ذرا دور اس نے اپنی کار روکی ۔ 

    وہاں سے اس نے ایک بائک پر لفٹ لی ۔  پھر تھوڑی دور پہنچ کر اس نے اُڈپی کے سنتے کٹّے تک بس کا سفر کیا ۔ سنتے کٹّے بس اسٹاپ سے اس نے آٹو رکشہ لیا اور نجارو میں تروپتی لے آوٹ کے اس گھر تک پہنچ گیا جہاں اسے اپنی درندگی کا مظاہرا کرنا تھا ۔ 

    واردات انجام دینے کے بعد کا سفر :    تروپتی لے آوٹ پر واقع نور محمد کے گھر میں ایک ماں ، دو جوان بیٹیوں اور ایک کم عمر لڑکے کو بڑی بے دردی اور انتہائی سرعت کے ساتھ قتل کرنے اورایک عمر رسیدہ خاتون کو شدید زخمی کرنے کے بعد وہ بڑے اطمینان سے باہر نکلتا ہے ۔ چیخ و پکار سن کر باہر جھانکنے والی پڑوس کی ایک لڑکی کو چاقو سے دھمکانے کے بعد وہ علاقے سے بڑے آرام کے ساتھ نکلتا ہے ۔ سڑک سے گزر رہی ایک بائک پر لفٹ لیتا ہے ۔ سنتے کٹے  پہنچ کر وہاں سے آٹو رکشہ کے ذریعے  کراولی بائی پاس تک پہنچتا ہے ۔ پھر ایک بائک پر لفٹ لے کر وہ کینی مولکی تک پہنچتا ہے ۔ وہاں سے تھوڑی دور تک پیدل چلتا ہے ۔ پھر ایک بس کے ذریعے سفر کرتے ہوئے ہیجماڈی ٹول گیٹ تک آنے کے بعد وہاں سے اپنی پارک کی گئی کار پر سوار ہو کر منگلورو میں اپنے گھر کی طرف نکل جاتا ہے ۔ 

    قتل کے بعد پوری طرح مطمئن :    قتل انجام دینے کے بعد پیدل سفر کے وقت پروین کا جو چھوٹا سا سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب ہوا ہے اس میں وہ بڑے ہی اطمینان اور خود اعتمادی کے ساتھ سڑک سے گزرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے ۔ کہیں بھی ایسا نہیں لگتا کہ یہ وہی  شخص ہے جس نے ابھی چند منٹ قبل ایک ہی خاندان کے چار افراد کا اتنے بھیانک انداز میں قتل کیا ہے ۔

    گھر والوں کے سامنے بالکل نارمل رہا :     گھر پہنچنے کے بعد پروین چوگلے نے اپنے کپڑوں پر لگے خون کے داغ  صاف کرتا ہے ۔ تقریباً دس منٹ تک گھر میں آرام کرتا ہے ۔ اس کے بعد منگلورو کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں پہنچ کر قاتلانہ واردات انجام دیتے وقت اپنے ہاتھ کی انگلی پر لگے ہوئے زخم کی ڈریسنگ اورعلاج کرواتا ہے ۔ پھر پلٹ کر گھر آنے کے بعد اپنی بیوی اور دو بچوں کو ساتھ لے کر ناشتہ کھانے کے لئے باہر جاتا ہے ۔ پورا دن گھر سے باہر گزارنے کے بعد شام 6 بجے اپنی فیمیلی کے ساتھ گھر واپس لوٹتا ہے ۔ اس دوران وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ بالکل ایک نارمل انسان کی طرح برتاو کرتا ہے ۔ خوفناک قتل کی واردات کو تقریباً 8-9 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی اس کے چہرے یا چال ڈھال سے کسی قسم کا پچھتاوا ، ڈر اور خوف، اضطراب جیسی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوتی ۔ 

    حیرت انگیز بات یہ بھی ہے :    پولیس تفتیش کے دوران ملزم پروین چوگلے اور اس کی مجرمانہ ذہنیت اور درندگی کے تعلق سے ایک حیرت انگیز بات یہ بھی سامنے آئی ہے کہ اس نے انتہائی پیشہ ور قاتل کے انداز میں اور بہت ہی کم وقفے میں بے حد صفائی کے ساتھ چار افراد کو قتل کرنے کے بعد جائے واردات سے نکلنے سے پہلے خون کے داغ دھبے لگے ہوئے اپنے کپڑے بھی نہیں بدلے تھے ۔ اور یہ بھی تعجب کی بات ہے کہ چار افراد کو بیک وقت اور  بڑی سرعت کے ساتھ قتل کرنے کی وجہ سے گھر کے ہال میں خون کا تالاب بن گیا تھا جس میں چار لاشیں پوری طرح بھیگی ہوئی تھیں ۔ مگر قاتل پروین کے کپڑوں پر بس چند ہی خون کے داغ  لگے تھے ۔ 

    خون کے داغ کیسے چھپائے :    ملزم پروین چوگلے نے گھر سے باہر نکل کر واپسی کے لئے بائک کی لفٹ لینے، رکشہ اور بس سے سفر کرنے کے  دوران ایک ہاتھ میں اپنا بیگ پکڑ کر سینے کی طرف لگا رکھا تھا جس سے اس کا مقصد اپنے شرٹ پر لگے خون کے داغ چھپانا تھا ۔ پھر ہیجماڈی سے اپنی کار پر سوار ہونے کے بعد راستے میں ایک جگہ کار روک کر اس نے اپنے کپڑے کار کے اندر ہی تبدیل کیے تھے اور منصوبے کے مطابق بیگ میں ساتھ لائے ہوئے صاف کپڑے پہنے تھے ۔ 

     بیلگاوی میں دیوالی منانے کا پروگرام :    دیوالی کی چھٹیاں ہونے کی وجہ سے پروین نے تہوار منانے کے لئے بیلگاوی جانے کا پروگرام بنایا تھا ۔  چار معصوم لوگوں کا قتل انجام دینے کے باوجود اس نے اس پروگرام کے مطابق دوسرے دن یعنی 13 نومبر کی صبح اپنی کار میں بیوی اور دو بچوں کے ساتھ  بیلگاوی کے کوڈوچی کا سفر اختیار کیا ۔ وہاں اپنے   ایک رشتہ دار محکمہ باغبانی کے ریٹائرڈ افسر کے گھر پر دیپاولی کا تہوار منایا ۔

    کیسے پولیس کے ہاتھ لگا پروین چوگلے :        دوسری طرف محکمہ پولیس ایک ہی خاندان کے چار افراد کو چند منٹوں میں بے رحمانہ انداز میں قتل کرنے والے ملزم کی تلاش میں سرگرداں تھی ۔ کئی مشتبہ افراد کو تحویل میں لے کر تفتیش کی جا رہی تھی ۔ اس دوران  کچھ ایسے سراغ پولیس کے ہاتھ لگے تھے جس سے معلوم ہو رہا تھا کہ اس واردات میں پروین چوگلے کا ہی ہاتھ ہے ۔ اس لئے پولیس اس کا سراغ لگانے میں مصروف تھی ۔ اسی دوران پروین چوگلے نے بیلگاوی میں تہوار مناتے ہوئے کچھ دیر کے لئے اپنا موبائل فون سوئچ آن کیا ۔ بس اسی کے ساتھ موبائل ٹاور لوکیشن کے ذریعے پولیس نے اس مقام کی نشاندہی کرلی جہاں ملزم موجود تھا اور فوراً پروین چوگلے کو دبوچ لیا گیا ۔ 

    قتل میں استعمال شدہ چاقو کہاں ہے ؟ :     کسی بھی قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل انتہائی اہم اور بنیادی ثبوت ہوتا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نجارو میں ہوئے چار افراد کے قتل میں چاقو کا استعمال ہوا ہے ۔ مگر وہ چاقو یعنی آلہ قتل ابھی تک ہاتھ نہیں لگا ہے اور پولیس اس کی تلاش میں سرگرداں ہے۔  پولیس ذرائع کے مطابق ملزم پروین نے  تفتیش کے دوران بتایا تھا کہ اس نے قتل انجام دینے کے بعد چاقو کو اپنے بیگ میں محفوظ کر لیا ۔ پھر ہیجماڈی پہنچ کر کار میں سفر کرنے کے دوران ایک پُل کے نیچے پھینک دیا ۔ پھر اس نے اپنا بیان بدلتے ہوئے کہا کہ وہ چاقو اس نے اپنے گھر کے آس پاس ہی کہیں پھینکا ہے ۔ اس طرح پولیس تفتیشی ٹیم آلہ قتل ڈھونڈنے میں مصروف ہے مگر تا حال وہ چاقو بازیافت نہیں ہوا ہے ۔

    کیا آئیناز نے پروین کا نمبر بلاک کیا تھا ؟ :    پولیس تفتیش سے یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ پروین چوگلے کا اصل نشانہ اس کے ساتھ ایئر انڈیا میں ہوسٹیس کی ملازمت کر رہی نور محمد کی چھوٹی بیٹی آئیناز تھی ۔ مقتولہ آئیناز کے بھائی اسد نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آئیناز کو پروین چوگلے ہراساں کر رہا تھا ۔ اس لئے اس نے چوگلے کا نمبر بلاک کر دیا تھا ۔ چوگلے کی ہراسانی کے بارے میں آئیناز نے گھر والوں کو اس خوف سے نہیں بتایا تھا کہ ایسی صورت میں والد صاحب اسے نوکری چھوڑنے کے لئے کہیں گے ۔ 

    انصاف کے ساتھ ہمیں تحفظ بھی چاہیے :     مقتولہ حسینہ کے بھائی کی بیٹی فاطمہ اصباح نے میڈیا والوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس قتل کی وجہ سے صرف خاندان کے افراد ہی نہیں بلکہ پورے علاقے کے لوگ بے انتہا خوف اور دہشت میں پڑ گئے ہیں ۔ آس پاس کے کئی لوگ اس واردات کے گواہ ہیں ۔ وہ بھی یہاں رہنے سے خوف کھا رہے ہیں ۔ ہمیں انصاف کے ساتھ ساتھ قانونی طور پر تحفظ بھی دیا جانا چاہیے ۔  کچھ ایسے اقدامات ہونے چاہِئیں کہ میری بہنوں کے ساتھ جو ہوا ہے وہ پورے دیش میں کسی کے ساتھ بھی نہیں ہونا چاہیے ۔ اسی صورت میں میری بہنوں کو انصاف ملے گا ۔ 

    فاطمہ اصباح نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اس واردات میں قتل ہونے والوں کے وقار اور عزت کا خیال رکھا جائے ۔  میڈیا اور سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس میں جو جھوٹی خبریں شائع اور نشر ہو رہی ہیں اس کے خلاف پولیس کو کارروائی کرنی چاہیے ۔  

ایک نظر اس پر بھی

بھٹکل: رابطہ کی جانب سے خواتین کے لئے سلائی اور ایمبرائیڈری کلاسس کے نئے داخلے شروع، یکم نومبر سے ہوں گے کلاسس

خواتین کو خود مختار بنانے اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے رابطہ سوسائٹی نے ایک بار پھر سلائی اور ایمبرائیڈری کی تربیتی کلاسس کا اعلان کیا ہے۔ یکم نومبر سے شروع ہونے والے اس تربیتی پروگرام کا یہ تیسرا بیچ ہوگا، جبکہ داخلے  شروع ہو چکے ہیں۔

منگلورو کے قریب سورتکل میں اسکوٹر اور لاری کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کی موت

لاری اور بائک کی ٹکر میں  بائک سوار کی موت واقع ہوگئی ، حادثہ  سورتکل میں سورج انٹرنیشنل ہوٹل کے قریب نیشنل ہائی وے پر منگل رات کو پیش آیا۔ متوفی کی شناخت روی کی حیثیت سے کی گئی ہے، جو مُکّا کا رہائشی تھا اور ایک  بینک  میں ملازمت کرتا تھا۔

بھٹکل: سرور  میں خرابی  کی وجہ سے عوام کو  راشن حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا

بھٹکل کے اکثر عوام محکمہ خوراک اور شہری سپلائیز کی طرف سے دئیے جانے والے راشن نہ ملنے سے سخت پریشان ہیں اور راشن دکانوں میں جاری سرور میں باربار خرابی کی وجہ سے اپنا ماہانہ راشن حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اُڈپی: معمولی بات کو لے کر دوست نے دوست کا گلا کاٹ دیا

ایک حیران کن واقعے میں، ایک آدمی نے معمولی تنازعہ کے باعث اپنے دوست کا گلا کاٹ کر بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ منگل کی صبح 22 اکتوبر کو اُڈپی میں پرانی  کے ایس آر ٹی سی  بس اسٹینڈ کے قریب کرشنا کریپا عمارت کے گراؤنڈ فلور کے کمرے میں پیش آیا۔

بھٹکل: مویشی چوری کے الزام میں تین گرفتار؛ کیا چوری شدہ جانوروں کا گوشت فروخت ہو رہا ہے؟

حال ہی میں جالی پٹن پنچایت حدود میں مویشی کی چوری کا جو واقعہ پیش آیا تھا اور جانور کو  کار میں لاد کر لے جانے کی جو وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، اُس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے  بھٹکل ٹاؤن پولس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

کرناٹک بورڈ کے 8، 9 اور 10ویں کے نتائج پر عائد پابندی

کرناٹک کے اسکولوں میں کلاس 8، 9، اور 10 کے ششماہی امتحانات کے نتائج جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے کرناٹک کے تمام اضلاع میں واقع اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک نتائج جاری نہ کریں۔ اس فیصلے کو سپریم کورٹ کا کرناٹک حکومت کے لیے ایک واضح جواب سمجھا ...

بنگلورو: شدید بارشوں سے عمارت منہدم، 17 افراد ملبے تلے دبے، 3 کی موت

کرناٹک میں مسلسل بارشوں نے شدید تباہی مچا دی ہے۔ بنگلورو کے ہینور کے قریب بابوسبپالیہ میں ایک زیر تعمیر عمارت بارش کی وجہ سے منہدم ہو گئی۔ حادثے کے وقت تقریباً 24 مزدور عمارت کے اندر کام کر رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ ...

گلبرگہ میں حاملہ خواتین کی اموات میں تشویشناک اضافہ

ضلع گلبرگہ میں حاملہ خواتین کی زندگی کو محفوظ بنانے اور ان کی صحت کو بہتر کرنے میں کئی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، اپریل سے ستمبر 2024 کے دوران ضلع بھر میں 22 حاملہ خواتین کی اموات ہوئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد 19 تھی۔ اس سال کے دوران، گلبرگہ کے شہری علاقوں ...

بنگلورو کی بارشیں مسائل اور حکومت کی ذمہ داریاں۔۔۔۔۔۔از: عبدالحلیم منصور

بنگلورو، جو کبھی اپنی شاندار آب و ہوا اور دلکش مناظر کےلئے جانا جاتا تھا، اب موسمیاتی تبدیلیوں اور ناقص انفراسٹرکچر کی وجہ سے سنگین مشکلات کا شکار ہے۔ مانسون کی بارشیں جو پہلے اس شہر کی خوبصورتی کا حصہ تھیں، اب شہریوں کے لیے مصیبت بن گئی ہیں۔ ہر سال بارشوں کے دوران کئی علاقے ...

کرناٹک میں 100 نئے پولیس تھانوں کا قیام ہوگا: سدارامیا

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں 100 نئے پولیس تھانے قائم کیے جائیں گے اور 10 ہزار پولیس کوارٹرز کی تعمیر 2025 تک مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات ایک تقریب کے دوران کہی، جس میں انہوں نے پولیس کی سہولیات کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔